خطرناک بیماریوں کےخاتمے کےلیے عالمی فنڈ سے تعاون جاری رہے گا، وزیر صحت
جمعرات 8 ستمبر 2022 23:36
غریب ممالک کو کورونا ویکسین کی فراہمی کویقینی بنانے پرگفتگوہوئی(فوٹو، عاجل نیوز)
سعودی وزیر صحت فہد الجلاجل نے کہا ہے کہ سعودی عرب ایڈز، ٹی بی اور ملیریا کے خاتمے کے لیے کی جانے والی بین الاقوامی کوششوں کا ساتھ دیتا رہے گا۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق سعودی وزیر صحت نے یہ یقین دہانی جمعرات کو ایڈز، ٹی بی اور ملیریا کے انسداد کے لیے قائم عالمی فنڈ کی مجلس انتظامیہ کے چیئرمین سے ملاقات کے موقع پر کرائی۔
انہوں نے کورونا وبا کے انسداد کے حوالے سے سعودی عرب کے منفرد تجربے کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری وباؤں کے انسداد میں سعودی عرب کے اس تجربے سے کس طرح فائدہ اٹھاسکتی ہے۔
انہوں نے ایڈز، ٹی بی اور ملیریا کے انسداد سے متعلق عالمی فنڈ اور سعودی وزارت صحت کے درمیان تعاون کے استحکام کی تدابیر اور باہمی دلچسپی کے متعدد امور پر تبادلہ خیال کیا۔
سعودی وزیر صحت نے عالمی عہدیدار کے ساتھ غریب ممالک کو کورونا کی ویکسین کی فراہمی کو یقینی بنانے کے موضوع پر بھی بات کی۔
سعودی وزیر صحت نے کہا کہ ہماری حکومت ایڈز، ٹی بی اور ملیریا کے خاتمے کے حوالے سے عالمی فنڈ کی کوششوں کی مدد کرتی رہی ہے اور آئندہ بھی کرتی رہے گی۔