سعودی عرب میں صحت نظام کو جدید بنانے کے منصوبوں کا نفاذ
سعودی عرب میں صحت نظام کو جدید بنانے کے منصوبوں کا نفاذ
اتوار 21 نومبر 2021 20:07
وزیر صحت نے ھمس انٹرنیشنل ڈیجیٹل ہیلتھ کانفرنس کا افتتاح کیا ہے( فوٹو اخبار 24)
سعودی وزیر صحت اور سعودی ہیلتھ کونسل کے سربراہ فہد الجلاجل نے کہا ہے کہ’ مملکت میں نئے نظام صحت کی منفرد اسکیموں کا نفاذ شروع کر دیا گیا ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ’ ڈیجیٹل ہیلتھ ٹیکنالوجی سسٹم اپنا رہے ہیں یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ سعودی عرب بین الاقوامی اور علاقائی اداروں میں قائدانہ کردار ادا کر رہا ہے‘۔
وزیر صحت نے اتوار کو ھمس انٹرنیشنل ڈیجیٹل ہیلتھ کانفرنس اورنمائش کا ویڈیو لنک کے ذریعے افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ’ ھمس 2021 کانفرنس کثیر المقاصد ہے۔ اہم ترین ہدف یہ ہے کہ موجودہ چیلنجوں اور مستقبل کی سکیموں کے حوالے سے افکار و خیالات پر تبادلہ خیال کیا جائے‘۔
اخبار 24 کے مطابق وزیر صحت نے کہا کہ’ کورونا وبا کے دوران نئی ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے ذریعے اس سے نمٹنے کی کوشش کی گئی ہے‘۔
’ سعودی عرب نے وبا سے متاثرین ، صحت یاب ہونے اور مرنے والوں کے اعداد و شمار فراہم کرنے کےلیے ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کی مدد سے کورونا ڈیٹا کا پہلا میپ جاری کیا۔ وبا سے متعلق اعداد و شمار کے تجزیے کےلیے مصنوعی ذہانت سے بھی فائدہ اٹھایا گیا ہے‘۔
وزیر صحت کاکہنا تھا کہ’ مملکت میں نئے صحت نظام کی منفرد سکیموں پر عمل درآمد شروع کر دیا گیا ہے۔ مثلاً مختلف سطحوں پر صحت نظام کی تبدیلی کی سکیم شروع کی گئی ہے۔ صحت خدمات پیش کرنے ان کی فنڈنگ اور ان کے تجزیے کے پروگرام ڈیزائن کیے گئے ہیں اور یہ سب کچھ عالمی معیار کے مطابق کیا جا رہا ہے‘۔