Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’تاریخ میں امر‘، ملکہ الزبتھ دوم کے انتقال پر عالمی رہنماؤں کا اظہار افسوس

دنیا بھر کے رہنماؤں نے برطانیہ کی طویل ترین عرصے تک ملکہ رہنے والی الزبتھ دوم کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ الزبتھ دوم 70 سال تک برطانیہ کی ملکہ رہیں۔ رات گئے بکنگھم پیلس کے اعلامیے کے مطابق ملکہ کے صاحبزادے چارلس سوئم نئے بادشاہ ہوں گے۔

سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے کہا کہ ’ملکہ الزبتھ دوم تاریخ میں امر رہیں گی‘ (فوٹو: روئٹرز)

سعودی عرب کے بادشاہ سلمان بن عبدالعزیز

عرب نیوز کے مطابق سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے ملکہ الزبتھ دوم کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’وہ قیادت کی ایک مثال تھیں جو تاریخ میں امر رہیں گی۔ ہم دونوں ممالک کے درمیان تعلقات اور دوستی کو مضبوط بنانے میں ان کی کوششوں کو سراہتے ہیں اور ساتھ ہی ان کی اعلیٰ بین الاقوامی حیثیت کو بھی یاد کرتے ہیں۔‘

سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا کہ ’ملکہ الزبتھ دوم عظمت حکمت، محبت اور امن کی ایک مثال تھیں۔‘ (فوٹو: روئٹرز)

سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان

سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا کہ ’میں ملکہ الزبتھ دوم کی موت کی خبر سے افسردہ ہوں جنہوں نے اپنی زندگی اپنے ملک کی خدمت میں وقف کردی۔ وہ عظمت حکمت، محبت اور امن کی ایک مثال تھیں۔‘

متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان نے کہا کہ ’ملکہ کا طویل دور حکومت وقار اور اپنے ملک کی خدمت کے لیے انتھک عزم سے عبارت تھا۔‘ (فوٹو: روئٹرز)

متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان

متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان نے ملکہ کی موت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’میں ملکہ الزبتھ دوم کے اہل خانہ اور برطانیہ کے لوگوں سے اپنی مخلصانہ تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔ وہ متحدہ عرب امارات کی ایک قریبی دوست اور ایک پیاری اور قابل احترام رہنما تھیں جن کا طویل دور حکومت وقار، ہمدردی اور اپنے ملک کی خدمت کے لیے انتھک عزم سے عبارت تھا۔‘

متحدہ عرب امارات کے نائب صدر شیخ محمد بن راشد المکتوم نے کہا کہ ’ملکہ الزبتھ دوم ایک عالمی آئیکون تھیں‘ (فوٹو: اے ایف پی)

متحدہ عرب امارات کے نائب صدر شیخ محمد بن راشد المکتوم

متحدہ عرب امارات کے نائب صدر شیخ محمد بن راشد المکتوم نے کہا کہ ’ہم ملکہ الزبتھ کے انتقال کے سوگ میں دنیا کے ساتھ شامل ہیں جو ایک عالمی آئیکون تھیں جنہوں نے اپنی قوم اور لوگوں کی بہترین خصوصیات کی نمائندگی کی۔ برطانیہ کے لیے ان کی ناقابل یقین زندگی بھر کی خدمت ہماری جدید دنیا میں بے مثال ہے۔‘

اردن کے بادشاہ عبداللہ دوم

اردن کے بادشاہ عبداللہ دوم نے اپنے پیغام میں کہا کہ ’اردن ایک مشہور رہنما کے انتقال پر سوگوار ہے۔ ملکہ الزبتھ دوم سات دہائیوں تک حکمت اور اصولی قیادت کا روشن مینار تھیں۔ وہ اردن کے لیے ایک پارٹنر اور ایک عزیز خاندانی دوست تھیں۔ ہم اس مشکل وقت میں برطانیہ کے عوام اور قیادت کے ساتھ کھڑے ہیں۔‘

لندن میں سعودی سفارت خانہ

لندن میں سعودی سفارت خانے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ’سعودی عرب کا شاہی سفارت خانہ سعودی عرب کے لوگوں کی جانب سے، ملکہ کے انتقال پر شاہی خاندان اور برطانیہ اور دولت مشترکہ کے لوگوں سے گہرے دکھ کا اظہار کرتا ہے۔ وہ ایک طویل اور ثابت قدم دوست تھیں، انہیں اپنے ملک اور اپنے لوگوں کے لیے ان کی لامتناہی خدمات کے لیے یاد رکھا جائے گا۔‘

برطانیہ کی نو منتخب وزیراعظم لِز ٹرس نے کہا کہ ’برطانیہ آج ملکہ الزبتھ دوم کی وجہ سے ہی ایک عظیم ملک ہے۔‘ (فوٹو: روئٹرز)

برطانوی وزیراعظم لِز ٹرس

برطانیہ کی نو منتخب وزیراعظم لِز ٹرس نے کہا کہ ’ملکہ الزبتھ دوم وہ چٹان تھیں جس پر جدید برطانیہ بنایا گیا تھا۔ ہمارے ملک نے ان کے دور حکومت میں ترقی کی ہے۔ برطانیہ آج ان کی وجہ سے ہی ایک عظیم ملک ہے۔‘

امریکی صدر جو بائیڈن

امریکی صدر جو بائیڈن نے ملکہ الزبتھ دوم کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ’ملکہ الزبتھ نے جو میراث چھوڑی ہے وہ برطانوی تاریخ کے صفحات اور ہماری دنیا کی کہانی میں بڑے پیمانے پر نظر آئے گی۔‘

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا کہ ’برطانیہ کی سب سے طویل عرصے تک حکومت کرنے والی سربراہ مملکت کے طور پر ملکہ الزبتھ دوم کو دنیا بھر میں ان کی عظمت اور وقار کے لیے سراہا گیا۔‘

 


امریکی صدر نے کہا کہ ’ملکہ الزبتھ نے جو میراث چھوڑی ہے وہ برطانوی تاریخ کے صفحات پر نظر آئے گی۔‘ (فوٹو: اے ایف پی)

انہوں نے کہا کہ ’ملکہ الزبتھ دوم اقوام متحدہ کی اچھی دوست تھیں اور انہوں نے دو بار ہمارے نیویارک ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا۔ وہ بہت سے خیراتی اور ماحولیاتی مقاصد کے لیے دل کی گہرائیوں سے پرعزم تھیں۔ ‘
انتونیو گوتریس نے مزید کہا کہ ’میں ملکہ الزبتھ دوم کو ان کی غیر متزلزل، زندگی بھر اپنے لوگوں کی خدمت کے لیے لگن کے لیے خراج تحسین پیش کرنا چاہوں گا۔ دنیا ان کی عقیدت اور قیادت کو دیر تک یاد رکھے گی۔‘

روسی صدر ولادیمیر پوتن

روسی صدر ولادیمیر پوتن نے کہا کہ ’برطانیہ کی حالیہ تاریخ کے سب سے اہم واقعات ملکہ الزبتھ دوم کے نام کے ساتھ جڑے ہوئے ہیں۔‘

شہباز شریف نے کہا کہ ’برطانیہ کے شاہی خاندان، عوام اور حکومت سے میری دلی تعزیت ہے۔‘ (فوٹو: روئٹرز)

پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف

پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے ملکہ الزبتھ دوم کے انتقال پر تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ ’ملکہ الزبتھ کے انتقال پر بہت دکھ ہے۔ پاکستان ان کی موت کے سوگ میں برطانیہ اور دیگر دولت مشترکہ ممالک میں شامل ہے۔ برطانیہ کے شاہی خاندان، عوام اور حکومت سے میری دلی تعزیت ہے۔‘

انڈین وزیراعظم نریندر مودی

انڈیا کے وزیراعظم نریندر مودی نے کہا کہ ’ملکہ الزبتھ دوم کو ہمارے دور کی ایک مضبوط شخصیت کے طور پر یاد کیا جائے گا۔ انہوں نے اپنی قوم اور لوگوں کو متاثر کن قیادت فراہم کی۔ انہوں نے عوامی زندگی میں وقار اور شائستگی کا اظہار کیا۔‘

کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو

کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے کہا کہ ملکہ الزبتھ دوم کی کینیڈین شہریوں کے لیے خدمات ہمیشہ ہمارے ملک کی تاریخ کا ایک اہم حصہ رہیں گی۔‘

نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جیسنڈا آرڈرن

نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جیسنڈا آرڈرن نے اپنے پیغام میں کہا کہ ’وہ غیر معمولی (شخصیت) تھیں۔ دنیا بھر کے لوگوں کو اس وقت اس نقصان کا شدید احساس ہو رہا ہوگا اور نیوزی لینڈ کے لوگ اس غم میں شریک ہیں۔‘

فرانس کے صدر ایمانویل میکخواں

فرانس کے صدر ایمانویل میکخواں نے کہا کہ ’ملکہ الزبتھ دوم نے 70 سالوں سے برطانوی قوم کے تسلسل اور اتحاد کو منظم کیا۔ میں انہیں فرانس کی ایک دوست کے طور پر یاد کرتا ہوں، ایک مہربان ملکہ جس نے اپنے ملک اور اپنی صدی پر دیرپا نقوش چھوڑے ہیں۔

یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی

یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے اپنے پیغام میں کہا کہ ’یوکرینی عوام کی جانب سے ہم شاہی خاندان، برطانیہ اور دولت مشترکہ سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔‘

شیئر: