امریکی طیارہ خوراک اور امدادی سامان لے کر پاکستان پہنچ گیا
امریکہ اگلے چند دنوں میں امدادی سامان کی مزید کھیپ بھی بھیجے گا (فوٹو: پاکستان فضائیہ)
پاکستان کے سیلاب متاثرین کے لیے امریکہ سے خوراک اور امدادی سامان کے ساتھ ایک طیارہ پاکستان پہنچ گیا ہے۔
پاکستان فضائیہ کی جانب سے جمعے کو جاری کیے گئے بیان کے مطابق ’سیلاب متاثرین کے لیے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر جاری امدادی سلسلے میں امریکہ کے C-17 طیارے کا اسلام آباد کے نور خان ایئربیس پر پاک فضائیہ کی اعلیٰ قیادت نے استقبال کیا۔‘
پاکستان فضائیہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ ’امریکہ سیلاب متاثرین کی امداد کے لیے اگلے چند دنوں میں وسیع پیمانے پر ہیومینیٹیرین ائیر برِج پر مشتمل امدادی سامان سے لیس طیارے پاکستان بھیجے گا-‘
بیان میں مزید کہا گیا کہ ’امدادی سامان امریکہ کی طرف سے سیلاب زدگان کی تکالیف کو کم کرنے اور اس پریشان کن آفت کے دوران پاکستان کی معاونت کے لیے بھیجا گیا ہے۔‘