Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب سوڈان میں سیلاب متاثرین کو خوراک فراہم کرے گا، معاہدے پر دستخط

متاثرین میں 30 ہزار 515 فوڈ باسکٹ تقسیم کی جائیں گی( فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب میں شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات نے حال ہی میں سیلاب سے متاثرہ اور سوڈان میں انتہائی ضرورت مند افراد کو ہنگامی خوراک فراہم کرنے کے معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔
سعودی خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کے اسسٹنٹ سپروائزر جنرل برائے آپریشنز اینڈ پروگرامز احمد بن علی البیز نے ریاض میں معاہدے پر دستخط کیے۔
اس منصوبے کے ذریعے دارفور، سینار ریاست، المناقل ضلع، الجزیرہ ریاست اور بربر شہر میں 30 ہزار 515 فوڈ باسکٹ تقسیم کی جائیں گی جس سے ایک لاکھ 83 ہزار490 افراد کی مدد کی جائے گی۔
یہ نیا منصوبہ مملکت کی جانب سے فراہم کردہ متعدد انسانی اور امدادی منصوبوں میں سے ایک ہے جس کی نمائندگی شاہ سلمان مرکز نے کی ہے۔
منصوبے کا مقصد طوفانی بارش اور سیلاب کے بعد سوڈانی افراد کی تکالیف کو کم کرنا ہے۔
عرب لیگ کے سیکریٹری جنرل احمد ابو الغیط نے حال ہی میں عالمی برادری سے سوڈان کی مدد کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
سوڈان میں آنے والے سیلاب نے ملک کے وسیع علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے اور اس کے نتیجے میں متعدد ہلاکتیں ہوئی ہیں۔
عرب ہلال احمر اور ریڈ کراس آرگنائزیشن کے سیکریٹری جنرل صالح بن حمد التویجری نے بھی انسانی ہمدردی کی تنظیموں سے سوڈان کے لوگوں کو مدد فراہم کرنے کی اپیل کی ہے۔

شیئر: