ملکہ برطانیہ کے انتقال پر پاکستان میں سوگ، پرچم سرنِگوں
آج پاکستان میں سرکاری و غیر سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم سرنگوں رہے گا (فائل فوٹو: اے ایف پی)
برطانیہ کی ملکہ الزبتھ دوم کے انتقال پر آج پاکستان میں سوگ منایا جا رہا ہے اور تمام اہم سرکاری و غیر سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم سرنِگوں ہے۔
حکومت کی جانب سے سنیچر کو منظوری کے بعد یوم سوگ منانے کا اعلان کیا گیا تھا جبکہ وزیراعظم شہباز شریف نے ملکہ الزبتھ دوم کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے تعزیتی خط تحریر کیا تھا اور اسلام آباد میں برطانوی ہائی کمیشن کا دورہ بھی کیا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان برطانیہ اور دولت مشترکہ کے دیگر ممالک کے ساتھ اس دکھ میں شریک ہے۔
شہباز شریف نے پیر کی صبح ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا ’پاکستان کی حکومت اور عوام کی جانب سے میں شاہ چارلس سوئم کے تخت نشین ہونے کے موقع پر نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں۔ میری دعا ہے کہ برطانیہ کے عوام ان کے مہربان دور حکومت میں ترقی کرتے رہیں۔‘ملکہ آٹھ ستمبر کو 96 سال کی عمر میں انتقال کر گئی تھیں، جس پر پاکستان اور سعودی عرب سمیت بیشتر ممالک کے رہنماؤں نے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے دنیا کے لیے بڑا نقصان قرار دیا تھا۔
صدر عارف علوی نے ان کی وفات پر اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ ملکہ کو سنہری حروف میں یاد رکھا جائے گا۔
وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ملکہ الزبتھ دوم ایک عہد کی نمائندہ تھیں اور سراپا ہمدردی و امید تھیں۔