Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسلام آباد ہائیکورٹ جو بھی فیصلہ کرے قبول کروں گا: عمران خان

عمران خان نے کہا کہ ’میں چھ مہینے سے جلسے کر رہا ہوں اور قوم نکل رہی ہے۔‘ (فوٹو: اے ایف پی)
سابق وزیراعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ جو بھی فیصلہ کرے گی میں قبول کروں گا۔
سنیچر کو گوجرانوالہ میں جلسے سے خطاب میں عمران خان نے کہا کہ ’چیف جسٹس اطہر من اللہ کے ہائی کورٹ نے بڑے زبردست فیصلے کیے ہیں۔ میں نے کئی دفعہ ان کی تعریف کی ہے۔ یہ جو بھی فیصلہ (توہین عدالت کیس کے حوالے سے) کریں گے میں قبول کروں گا۔‘
’انہوں نے مجھے بات کرنے کی اجازت نہیں دی لیکن اگر دے دیتے تو میں بتا دیتا کہ میں نے کس تناظر میں بات کی تھی۔‘
سابق وزیراعظم نے کہا کہ’جب سے امپورٹڈ حکومت اقتدار میں آئی ہے ان کی کوشش ہے کہ تحریک انصاف کو ختم کرے۔ پہلے انہوں (حکومت) نے سمجھا کہ لوگ مٹھائیاں بانٹیں گے لیکن قوم سڑکوں پر نکل آئی۔ اس ملک کی تاریخ میں کبھی اس طرح عوام کسی حکومت کے جانے کے بعد اس طرح سڑکوں پر نہیں نکلی۔‘
انہوں نے کہا کہ ’انہوں (حکومت) نے 25 مئی کو ہمارے اوپر تشدد کیا، ہمارے پر کیسز بنائے، ہزاروں لوگوں کو جیلوں میں ڈالا۔ پرامن احتجاج پر انہوں نے آنسو گیس کی شیلنگ کی، سمجھا یہ ڈر جائیں گے۔‘
’وہ بھی نہ ہوا اور ہر جلسے میں لوگ نکل آئے۔ میں چھ مہینے سے جلسے کر رہا ہوں اور قوم نکل رہی ہے۔ ایک سے بڑھ کر ایک بڑا جلسہ ہو رہا ہے۔‘
چیئرمین پی ٹی آئی نے 17 جولائی کے پنجاب کے ضمنی انتخابات کا حوالہ دیتے ہوئے الزام عائد کیا کہ ’بددیانت الیکشن کمیشن نے مل کر پوری کوشش کی ان (حکومت) کو جتوانے کی۔ انتظامیہ تب ان کے ساتھ تھی مسٹر ایکس نے پوری مدد کی۔ اس سب کے باوجود یہ الیکشن ہار گئے۔‘
’اس کے بعد ان کی کوشش ہے کہ عمران خان کو میچ سے ڈس کوالیفائی کیا جائے تاکہ وہ کھیلیں ہی نہ۔ اس کو کسی طرح ناہل کیا جائے، اس پر کیسز کرو ہر طرح کے مجھ پر کیسز کیے۔‘
عمران خان نے کہا کہ ’مجھ پر توہین مذہب کا کیس کر دیا گیا۔ مجھ پر 20 ایف آئی آرز ہو چکی ہیں۔ میرے پر دہشت گردی کی ایف آئی آڑ کاٹ دی مجھے پکڑنے آ رہے تھے جیل میں ڈالنے آ رہے تھے اور میں تیار بیٹھا تھا۔‘
انہوں نے کہا کہ ’جیل تو بہت چھوٹی چیز ہے میں اس ملک کو چوروں سے حقیقی طور پر آزاد کرنے کے لیے اپنی جان کی قربانی دینے کو تیار ہوں۔‘

شیئر: