وزٹ ویزا ایکسپائر ہے، پاکستان میں توسیع ہو سکتی ہے؟
وزٹ ویزا ایکسپائر ہے، پاکستان میں توسیع ہو سکتی ہے؟
اتوار 30 اگست 2020 5:22
ارسلان ہاشمی ۔ اردو نیوز، جدہ
پروازاوں کی بحالی کےلیے کوئی اعلان نہیں کیا گیا(فوٹو سوشل میڈیا)
کورونا وائرس کی وجہ سے تاحال مملکت میں بین الاقوامی سفر پر عائد کی جانے والی پابندیاں برقرار ہیں۔ بیرون ملک سے شیڈول پروازوں کا اعلان نہیں کیا گیا۔
بین الاقوامی سفر پر عائد پابندیوں کے حوالے سے جب تک حکام کی جانب سے واضح طور پر اعلان نہیں کیاجاتا پروازیں بحال نہں ہوں گی۔
قارئین کی جانب سے بیشتر سوالات اسی حوالے سے ہیں جن میں دریافت کیا جا رہا ہے کہ پروازیں کب بحال ہوں گی جب کہ دوسرا سوال عمرہ ویزے سے متعلق ہے کہ کب تک عمرہ ویزا کھلے گا اور لوگ سعودی عرب آسکیں گے؟
ان استفسارات کے حوالے سے تمام قارئین کو یہی کہنا ہے کہ سعودی حکام کی جانب سے کسی قسم کی حتمی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا جن میں پروازوں کی بحالی کے حوالے سے بتایا گیا ہو۔
حتمی طور پر پروازاوں کی بحالی کے لیے کوئی اعلان نہیں کیا گیا نہ ہی اس بارے میں سرکاری سطح پر کسی قسم کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
حکومت کی جانب سے اس امرکی یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ جوں ہی حالات بہتر ہوں گے اور متعلقہ اداروں کی جانب سے وبائی مرض کورونا کے حوالے سے اچھی خبر موصول ہوگی اسے دیکھتے ہوئے آئندہ کے لیے فیصلہ کیا جائے گا۔
یاسر احمد خان کا سوال وزٹ ویزے کے بارے میں ہے، وہ دریافت کرتے ہیں میں نے اپنی اہلیہ کے لیے وزٹ ویزا جاری کرایا تھا مگر بعد ازاں کورونا وائرس کی وجہ سے سفر پر پابندیاں عائد کردی گئیں اب اہلیہ پاکستان میں ہی ہیں، معلوم یہ کرنا ہے کہ ویزا تو سٹمپ کرا لیا تھا اس پر موجود ٹریولنگ ڈیٹ ایک ماہ کی رہ گئی ہے، کیا مقررہ مدت تک پروازیں بحال ہونے کا امکان ہے اگر نہیں تو کیا ویزے کو پاکستان سے ہی تجدید کرایا جاسکتا ہے‘؟
جواب ۔ آپ کے سوال کو جوازات سے دریافت کیا گیا تاکہ درست صورت حال سے مطع کیا جا سکے، اسی لیے جواب دینے میں کچھ تاخیر ہو گئی۔ جوازات کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ’موجودہ صورتحال غیر معمولی ہے۔ اس لیے اس حوالے سے متعلقہ اعلی حکام کی جانب سے بعد میں فیصلہ کیا جائے گا جن میں ان تمام امور کو مدنظر رکھا جائے گا جن کا سامنا نئے کورونا وائرس کی وجہ سے لوگوں کو کرنا پڑا۔ حکام کی جانب سے کیے جانے والے فیصلے کے بارے میں سرکاری طور پر اعلان کیا جائے گا۔
واضح رہے سعودی عرب میں ایوان شاہی کی جانب سے دو بارغیر ملکیوں کے اقاموں اور وزٹ ویزوں میں مفت توسیع کے احکامات صادر کیے جا چکےہیں جن پر عمل درآمد بھی کیا گیا ہے۔
ایک قاری کی جانب سے سوال میں پوچھا گیا ہے میں سکاکا الجوف میں مقیم ہوں۔ میرا پاسپورٹ ایکسپائر ہو گیا تھا جسے بنوا لیا ہے۔ سوال یہ ہے کہ پاسپورٹ کو جوازات میں اپ ڈیٹ کرانا ہو گا یا خود بخود ہی ہو جائے گا یا چھٹی جاتے وقت ایئر پورٹ پر ہو جائے گا۔ جواب ضرور دیں۔
جواب ۔ قارئین سے درخواست ہے کہ وہ نام ضرور تحریر کریں۔ آپ نے نئے پاسپورٹ کے حوالے سے دریافت کیا ہے کہ آپ نے نیا پاسپورٹ بنوایا ہے اور اب اسے محکمہ پاسپورٹ ’جوازات ‘ میں اپ ڈیٹ کرانا ہے۔
امیگریشن قانون کے مطابق جب بھی پاسپورٹ نیا بنوایا جائے یا اس کی تجدید کرائی جاتی ہے اس پردرج معلومات محکمہ امیگریشن اینڈ پاسپورٹ کے سسٹم میں اپ ڈیٹ کرانا لازمی ہوتا ہے۔ اس لیے آپ اپنے کفیل کے ذریعے نئے پاسپورٹ کی معلومات جوازات میں اپ ڈیٹ کرائیں وگرنہ بعد میں یعنی چھٹی جاتے وقت یا اقامہ کی تجدید کےوقت مشکل ہو گی۔