Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ظہران میں خام تیل کی مرحلہ وار تاریخ پر خصوصی نمائش

وسیع صحرائی علاقے سے کالا سونا نکالنے کی نمائش شہر کے لیے انمول تحفہ ہے۔ فوٹو عرب نیوز
ایسی جگہ پر کھڑے ہونا ایک بہترین تجربہ ہے جہاں سعودی عرب کی تاریخ  پوری دنیا کے ساتھ جڑی ہوئی ہو۔
عرب نیوز کے مطابق یہ وہ جگہ ہے جہاں مملکت کے ایک وسیع صحرائی علاقے میں سیاہ سونے کی دریافت ہوئی ، اس جگہ کی خاص تاریخی حیثیت ہے جہاں سعودی تیل کی صنعت کا سب سے پہلے آغاز ہوا۔

آرامکو کی جانب سے توانائی کی ضروریات کی تکمیل کا عزم کیا گیا ہے۔ فوٹو عرب نیوز

ظہران میں توانائی کی خاص نمائش کا اہتمام کیا گیا ہے، نمائش کی منیجرمحترمہ لجین اباحسین اسی شہر میں پلی بڑھیں اور اب اس تاریخی نمائش میں خدمات انجام دینے پر فخر محسوس کرتی ہیں۔
لجین نے بتایا ہے کہ یہ نمائش دلکش مقام کے طور پر دیکھی جا رہی ہے جہاں خام تیل کے کنویں نمبر 7 کی ابتدا ہوئی جب 1938 میں پہلی بار یہاں سے تیل نکالا گیا اور اسے خوشحالی کا کنواں کہا گیا۔
لجین ابا حسین نے بتایا  کہ اس  تاریخی نمائش  میں خاص انداز سے پٹرولیم کی تلاش، دریافت اور پروڈکشن کی تاریخ مرحلہ وار ظاہر کی گئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ 1990 کی دہائی میں دہران میں رہنے والوں کو یاد ہو گا کہ سعودی آرامکو کی جانب سے تیل کے نایاب کنویں کے لیے فیلڈ ٹرپ کا بندوبست کیا جاتا رہا ہے۔

یہ نمائش دلکش مقام ہے جہاں خام تیل کے کنویں نمبر7 کی ابتدا ہوئی۔ فوٹو عرب نیوز

یہ نمائش طلبا کے لیے انتہائی مفید ہے جہاں انہیں تجربات کے بارے میں وضاحت پیش کی جاتی ہے کہ 1938 میں کس طرح تیل کے کنویں کی دریافت ہوئی۔
اس تاریخی نمائش میں صحرائی اور سمندری علاقوں میں تیل کی تلاش کے لیے  کھدائی کے کاموں، ریفائننگ کے عمل، پیٹرو کیمیکل انڈسٹری اور عالمی تقسیم کے نیٹ ورکس کے ذریعے زیر زمین چٹانوں  سے تیل نکالنےکے بارے میں بتایا گیا ہے۔
یہاں پر خاص طور پر ڈیزائن کئے  گئےماڈل آنے والوں کو  توانائی کے تحفظ اور ماحول کی حفاظت کےبارے میں بھی آگاہ کرتے ہیں۔
لجین اباحسین کو اس بات پر فخر ہے کہ کالا سونا نکالنے کی مرحلہ وار یہ نمائش اس شہر کے لیے ایک انمول اثاثہ ہے۔

​نمائش میں 1938 میں تیل کے کنویں کی دریافت کی بابت بتایا گیا ہے۔ فوٹو عرب نیوز

نمائش کا مقصد سعودی آرامکو کے آپریشنز اور اختراعات کی وسعت کو فروغ دینا، دریافت کا احساس اجاگر کرنا اوراس بارے میں مفید معلومات فراہم کرنا ہے۔
توانائی کی نمائش ایسٹرن ریجن میں مقامی نوجوانوں میں دلچسپی پیدا کرنے کی امید رکھتی ہے اور انہیں مستقبل میں دنیا کی توانائی کی ضروریات کے ساتھ آگے بڑھنے کی ترغیب دیتی ہے جس میں سعودی آرامکو کے کثیر جہتی تعاون کو ظاہر کیا گیا ہے۔ 
یہ نمائش  سعودی  وژن 2030 کے مطابق ہے جس میں توانائی کا متبادل ایک بڑی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔
اس نمائش کو آٹھ زونز میں تقسیم کیا گیا ہے، ہر ایک حصہ سعودی آرامکو کے دنیا کی توانائی کی ضروریات کو انتہائی پائیدار طریقے سے پورا کرنے میں مدد کرنے کے عزم سے متعلق ہے۔
 

شیئر: