Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی آرامکو کا منافع 148 بلین ریال تک پہنچ گیا

گذشتہ سال کی چوتھی سہ ماہی میں منافع کی حد 121 بلین ریال کو چھو گئی تھی۔ فوٹو عرب نیوز
سعودی آرامکو کے منافع میں 2022 کی پہلی سہ ماہی میں 82 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہےجو کہ 148 بلین ریال  تک پہنچ گیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق دنیا کی سب سے زیادہ منافع بخش تیل کمپنی کا منافع 148 بلین ریال تقریبا40 بلین ڈالر تک ریکارڈ کئے جانے کے بعد سٹاک ایکسچینج کے مطابق سعودی آرامکو کی آمدن تقریباً دگنی ہو کر467 بلین ریال ہو گئی ہے۔
ریکارڈ کیا گیا یہ منافع2021 کی پہلی سہ ماہی میں81 بلین ریال سے زیادہ ہے جب کہ گذشتہ سال کی چوتھی سہ ماہی میں منافع کی حد 121 بلین ریال کو چھو گئی تھی۔
خام تیل نکالنے والی کمپنی سعودی آرامکو نے کہا ہے کہ بنیادی طور پر خام تیل کی  بڑھتی ہوئی قیمت اور فروخت کے حجم  میں واضح بہتری کی باعث یہ  نتائج  سامنے آئے ہیں۔
سعودی آرامکو نے سہ ماہی منافع کو بھی 18.8 بلین ڈالر پر برقرار رکھا ہے اور4 بلین ڈالر کی کل مالیت کے ساتھ ہر دس حصص کے لیے ایک بونس شیئر جاری کرنے کی منظوری بھی دی  ہے۔
رواں سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران کیپٹل اخراجات 7.6 بلین ڈالر رہے ہیں اور  توقع ہے کہ  طویل مدتی حکمت عملی کے ساتھ اس دہائی کے وسط تک اخراجات میں مزید اضافہ ہوگا۔

خام تیل کی بڑھتی قیمت  کے باعث یہ نتائج سامنے آئے ہیں۔ فوٹو عرب 

آرامکو کے چیف ایگزیکٹو افسر امین ناصر کا ابتدائی سہ ماہی کی آمدن پر تبصرہ کرتے ہوئے کہنا ہے کہ عالمی منڈیوں میں  تیل کی قیمتوں میں  اتار چڑھاؤ کے پس منظر میں ہم دنیا میں توانائی کی طلب پوری کرنے میں مدد  پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہیں ۔
امین ناصر نے مزید کہا کہ  رواں سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران ایشیا اور یورپ دونوں میں ہماری سٹریٹجک کی توسیع میں مزید  پیشرفت ہوئی ہے جو ہمارے ترقی کے مقاصد کی تکمیل کرتے ہیں۔
سعودی آرامکو مضبوط مالیاتی نتائج کے ساتھ ساتھ حال ہی میں دنیا کی سب سےبڑی منافع بخش امریکی کمپنی ایپل ٹیکنالوجی کے ساتھ دوڑ میں شامل ہے جس پر  بڑھتی ہوئی افراط زر کا دباؤ ہے۔
تیل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں نےعالمی سطح پر آرامکوکمپنی کو مارکیٹ کے لحاظ سے سرفہرست مقام حاصل کرنے میں مدد کی ہے جس کے باعث اس کے حصص 11 مئی کو ریکارڈ سطح  پر پہنچ گئے۔
 
 

شیئر: