اوپیک پلس نے تیل پیداوار میں ایک لاکھ بیرل کی کمی کردی
اوپیک پلس کا آئندہ اجلاس اب 5 اکتوبر 2022 کو ہوگا( فوٹو روئٹرز)
اوپیک پلس میں شامل ممالک نے تیل پیداوار میں یومیہ ایک لاکھ بیرل کمی کا فیصلہ کیا ہے۔ عمل درآمد اکتوبر 2022 سے ہوگا۔
الاقتصادیہ کے مطابق اوپیک پلس نے سعودی وزیر توانائی شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان کو جو گروپ کی وزارتی کمیٹی کے سربراہ بھی ہیں۔ یہ اختیار تفویض کیا ہے کہ وہ تیل مارکیٹ کے حالات پر غوروخوض اور ضروری فیصلوں کے لیے جس وقت مناسب سمجھیں اوپیک پلس کا اجلاس طلب کرسکتے ہیں۔
یاد رہے کہ اوپیک پلس نے اگست میں ہونے والے اجلاس میں یومیہ تیل پیداوار ایک لاکھ بیرل بڑھانے کا فیصلہ کیا تھا اور طے کیا گیا تھا کہ یہ اضافہ صرف ستمبر کے لیے کیا جارہا ہے۔
اوپیک پلس نے اس یقین کا اظہار کیا ہے کہ ’تمام رکن ممالک کے لیے مقررہ کوٹے کی مکمل پابندی ضروری ہےے اس حوالے سے انتہائی نظم وضبط درکار ہوگا‘۔
اوپیک پلس کا کہنا ہے کہ ’موجودہ وقت میں تیل مارکیٹ بے یقینی اور اتار چڑھاؤ کی صورتحال سے دوچار ہے۔ اس کا تقاضا ہے کہ تیل مارکیٹ کے حالات پر مسلسل نظر رکھی جائے اور صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیداواری کوٹے میں مختلف طریقوں سے فوری تبدیلیاں لائی جائیں‘۔
اوپیک پلس کا آئندہ اجلاس اب 5 اکتوبر 2022 کو ہوگا۔
علاوہ ازیں عرب نیوز کے مطابق اوپیک پلس کی جانب سے تیل پیداوار میں کمی کے فیصلے کے بعد تیل کی قیمتوں می تین فیصد سے زیادہ اضافہ ہوا ہے۔