اسلام آباد کے علاقے چک شہزاد میں سینیئر صحافی کی بہو کے قتل کے الزام میں پولیس نے ان کے بیٹے شاہنواز امیر کو جائے وقوعہ سے گرفتار کر لیا ہے تاہم ابھی تک مقدمے کی ایف آئی آر درج نہیں کی جا سکی ہے۔
اسلام آباد پولیس کے ڈی آئی جی آپریشنز سہیل ظفر چھٹہ نے اردو نیوز کو بتایا کہ ’جمعے کی صبح ساڑھے نو بجے مقامی لوگوں نے اسلام آباد کی پٹرولنگ پولیس کو اطلاع دی کہ شاہنواز کے فارم ہاؤس سے شور کی آوازیں آ رہی ہیں جس پر پولیس کی ٹیم موقع پر پہنچی تو ملزم جائے وقوعہ پر فرش دھو رہا تھا۔‘
مزید پڑھیں
-
گوجرانوالہ میں پاکستانی نژاد کینیڈین خاتون ڈکیتی مزاحمت پر قتلNode ID: 647581
-
نورمقدم کیس،ظاہر جعفر کو ’ڈیتھ سیل‘ میں کیسے رکھا جائے گا؟Node ID: 647796
پولیس کے مطابق ’ملزم نے بظاہر اپنی بیوی سارہ انعام کو جم میں استعمال ہونے والے آلے ڈمبل سے مسلسل وار کر کے مبینہ طور پر قتل کیا پھر اس کی لاش کو بیڈ روم سے غسل خانے میں منتقل کر دیا۔‘
پولیس حکام کے مطابق مقتولہ کے جسم کے اوپری حصے پر شدید تشدد کے واضح نشانات ہیں۔
سہیل ظفر چھٹہ نے بتایا کہ ’جب پولیس موقع پر پہنچی تو ملزم جائے وقوعہ کو دھو رہا تھا۔ پولیس نے اسے موقع پر آلہ قتل سمیت گرفتار کر لیا اور قریبی تھانے منتقل کر دیا۔ ابتدائی تفتیش میں ملزم نے جرم کا اعتراف کر لیا ہے۔‘
انہوں نے بتایا کہ ’چونکہ پاکستان کے قانون کے تحت ایف آئی آر مدعی کا خاندان درج کرواتا ہے اس لیے پولیس ان سے رابطے کی کوشش کر رہی ہے تاہم اگر کچھ دیر میں رابطہ نہ ہو سکا تو پولیس خود اس کیس کی مدعی بنے گی۔‘
انہوں نے مزید بتایا کہ مقتولہ کینیڈا کی شہری ہیں۔ اس حوالے سے اسلام آباد پولیس نے کینیڈا کے سفارت خانے سے بھی رابطہ کر لیا ہے۔
صحافی ایاز امیر کا جائے وقوعہ سے ایک ویڈیو بیان بھی سوشل میڈیا پر گردش کر رہا ہے جس میں انہوں نے واقعے کی مذمت کی۔
ان کا کہنا ہے کہ ’دل کو دہلا دینے والا واقعہ ہے، ایسا صدمہ کسی کو اٹھانا نہ پڑے۔‘
تھانہ شہزاد ٹاؤن کے علاقہ چک شہزاد میں قتل کی واردات کا معاملہ۔
شاہ نواز نامی شخص نے اپنی بیوی سارہ کو گھر میں قتل کیا۔
پولیس کے سینئر افسران اور فارنزک ٹیمیں موقع پر موجود ہیں۔
وقوعہ کی تفتیش جاری ہے اور جو بھی حقائق سامنے آئیں گے وہ شئیر کئے جائیں گے۔#ICTP #IGP
— Islamabad Police (@ICT_Police) September 23, 2022