انڈیا: ایئرہوسٹس نے ریپسٹ کو باتھ روم میں بند کر کے پولیس بُلا لی
خاتون کی کال پر پولیس نے ملزم ہرجیت یادو کو موقع پر گرفتار کر لیا (فوٹو: انڈیا ڈاٹ کام)
انڈیا میں ایک ایئرہوسٹس نے مبینہ طور پر انہیں ریپ کا نشانہ بنانے والے شخص کو باتھ روم میں بند کر کے پولیس کو اطلاع کر دی۔
این ڈی ٹی وی نے پولیس کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ واقعہ دہلی کے علاقےمہرولی میں پیش آیا، گرفتار کیے جانے والے ہرجیت یادو نامی شخص کا تعلق خان پور سے ہے اور وہ ایک سیاسی جماعت کے مقامی صدر بھی ہیں۔
ڈپٹی کمشنر پولیس ساؤتھ چندن چوہدری نے اس حوالے سے بتایا کہ مہرولی پولیس سٹیشن پر پیر کو خاتون کی جانب سے کال موصول ہوئی تھی، جس میں بتایا گیا کہ ایک شخص نے ان پر جنسی حملہ کیا ہے جس کو انہوں نے باتھ روم میں بند کر کے باہر سے کنڈی لگا دی ہے۔
انہوں نے بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ جب پولیس خاتون کی جانب سے بتائے جانے والے پتے پر پہنچی تو انہوں نے پولیس کو بتایا کہ ہرجیت یادو نشے کی حالت میں ان کے گھر پہنچا اور ان پر جنسی تشدد کیا۔
انہوں نے بتایا کہ اسی وقت پولیس نے ملزم کو کمرے سے نکال کر حراست میں لے لیا اور اس کے خلاف انڈین سیکشن 376 کے تحت مقدمہ درج کر لیا۔
انہوں نے بتایا کہ بعدازاں ملزم کو عدالت میں پیش کر دیا گیا۔