انڈیا: ریپ کے ملزم کا ضمانت کے بعد اسی لڑکی کا چاقو کی نوک پر دوبارہ ریپ
ملزم کے دوست نے ویڈیو بھی بنائی اور رپورٹ واپس نہ لینے کی صورت میں سوشل میڈیا پر ڈالنے کی دھمکی دی (فوٹو: اے ایف پی)
انڈیا میں ریپ کے الزام میں گرفتار شخص نے ضمانت پر رہا ہونے کے بعد اسی لڑکی کو پھر سے ریپ کا نشانہ بنایا ہے جبکہ اس کا ساتھی اس دوران ویڈیو بناتا رہا۔
انڈین این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق واقعہ ریاست مدھیہ پردیش کے علاقے جبل پور میں پیش آیا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ سال 2020 میں ویوک پٹیل نے لڑکی (جن کا نام نہیں بتایا گیا) کو اس وقت ریپ کا نشانہ بنایا تھا جب وہ 17 برس کی تھیں، لڑکی کی شکایت پر ویوک پٹیل کو 2021 کے اوائل میں گرفتار کیا گیا تھا۔
اس دوران ملزم لڑکی پر مسلسل دباؤ ڈالتا رہا کہ وہ اپنی شکایت واپس لے لیں تاہم انہوں نے انکار کر دیا تھا۔
پولیس انچارج آصف اقبال نے رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ ’چند روز قبل ہی ملزم کی ضمانت ہوئی اور وہ اپنے دوست کے ہمراہ اسی لڑکی، جس کی عمر اب 19 سال ہے، کے پاس پہنچ گیا اور چاقو کی نوک پر ایک بار پھر زبردستی کی جبکہ اس دوران اس کے دوست نے واقعے کی ویڈیو بھی بنائی۔‘
زیادتی کا شکار ہونے والی لڑکی نے پولیس کو بتایا کہ کچھ روز پہلے ملزم اپنے دوست کے ہمراہ ان کے گھر میں گھس گیا تھا۔
لڑکی کے مطابق ملزم نے دھمکی دیتے ہوئے کہا تھا کہ پچھلے مقدمے کو واپس نہ لیا تو ویڈیو کو سوشل میڈیا پر ڈال دیا جائے گا۔
پولیس کے مطابق پیر کو ملزم کے خلاف گینگ ریپ کا مقدمہ درج کیا گیا اور ملزم اور ساتھی کی تلاش شروع کر دی گئی ہے۔
خیال رہے کہ انڈیا کا شمار ان ممالک میں ہوتا ہے جہاں ریپ کی شرح بہت زیادہ ہے اور اس کے خلاف عوامی سطح پر وسیع پیمانے پر احتجاج بھی ہوتے رہے ہیں۔