انڈیا کی سپریم کورٹ میں دہلی گینگ ریپ کیس کی سماعت کے دوران فیصلہ سناتے ہوئے ایک جج کمرہ عدالت میں بے ہوش ہو گئیں۔
انڈین ٹی وی چینل این ڈی ٹی وی کے مطابق جسٹس بانومتھی ان کے ساتھی جج وہیل چئیر پر طبی معائنے کے لیے چیمبر میں لے گئے جہاں وہ جلد ہوش میں آگئیں۔
انڈیا کے شہر دہلی میں 2012 میں ایک لڑکی کے ساتھ جنسی زیادتی ہوئی تھی جس کے بعد چار مجرموں کو سزائے موت سنائی گئی تھی۔ جمعے کو سپریم کورٹ میں اس کیس کے چاروں مجرموں کو الگ الگ پھانسی دینے کی درخواست پر سماعت ہو رہی تھی۔
کیس کی سماعت کر رہے بینچ میں شامل جج جسٹس اے ایس بوپنا نے بانومتھی کی بے ہوشی کے بعد عدالت میں کہا کہ اس کیس پر فیصلہ چیمبر میں سنایا جائے گا جس کے بعد کیس کی سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کر دی گئی۔
اس سے قبل سپریم کورٹ نے سزائے موت پانے والے چار مجرموں میں سے ایک، ونے شرما، کی اپیل مسترد کر دی تھی۔ ونے شرما نے انڈیا کے صدر رام ناتھ کووند کے فیصلے کو چیلنج کرتے ہوئے سپریم کورٹ میں اپیل دائر کی تھی۔
واضح رہے کہ انڈین صدر نے ونے شرما کی رحم کی اپیل کو مسترد کر دیا تھا۔
ونے شرما نے سپریم کورٹ میں دعویٰ کیا تھا کہ صدر رام ناتھ کووند ان کی رحم کی اپیل کو مسترد کرتے وقت جیل میں ان پر ہونے والے تشدد اور اس تشدد کے دماغی اثرات کو زیر غور نہیں لائے تھے۔
ونے شرما کی اس اپیل کو کو رد کرتے ہوئے حکومت نے کہا تھا کہ ان کی دماغی حالت بالکل ٹھیک ہے۔
سپریم کورٹ نے اس سے قبل اس کیس کے ایک اور مجرم، مکیش کمار سنگھ کی بھی پھانسی روکنے کی درخواست مسترد کی تھی۔
مکیش کمار سنگھ نے بھی صدر کی جانب سے رحم کی اپیل مسترد ہونے پر درخواست دائر کی تھی۔