Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریاض کتاب میلے میں سوتھبی کی نایاب تصاویر سمیت شرکت

کتاب میلے میں سوتھبی کی جانب سے نادر تصاویرکا البم شامل کیا جائے گا۔ فوٹو عرب نیوز
ریاض میں بین الاقوامی کتاب میلے کا انعقاد 29 ستمبر سے 8 اکتوبر تک کیا جا رہا ہے، اس میلے میں عرب اور بین الاقوامی پبلشنگ ہاؤسز اور متعلقہ ادارے شرکت کریں گے۔
عرب نیوز کے مطابق اس سال میلے میں جو ایک اہم ثقافتی تقریب کے طور پر منایا جاتا ہے سعودی وزارت ثقافت کے تعاون سے خاص طور پر سوتھبی نیلام گھر کی جانب سے پہلی بار شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔

ریاض ائیرپورٹ پر ملکہ برطانیہ کے استقبال کی تصاویر شامل ہیں۔ فوٹو عرب نیوم

کتاب میلے میں سوتھبی کی جانب سے نادر اور نایاب تصاویرکا البم شامل کیا جائے گا۔ البم  میں برطانیہ کی سابق ملکہ الزبتھ دوم اور ڈیوک آف ایڈنبرا کے 1979 میں سعودی عرب کے شاہی دورے کی یادگار تصاویر شامل ہیں۔
اس  نایاب البم کی  دیگر تصاویر میں اس وقت کے سعودی فرمانروا شاہ خالد بن عبدالعزیز کی جانب سے ریاض ائیرپورٹ پر ملکہ برطانیہ کے استقبال کی تصاویر شامل ہیں۔
تصاویر میں آکسفورڈ یونیورسٹی کی جانب سے 1840عیسوی کے دوران بنائے گئے دنیا کے نقشے کو بھی دکھایا گیا ہے جس میں مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ کے علاوہ جدہ کی بندرگاہ واضح ہے۔

تصاویرمیں آکسفورڈ یونیورسٹی کی جانب سے دنیا کا نقشہ رکھا گیا ہے۔ فوٹو عرب نیوز

عظیم سیاح گرٹروڈ بیل کا عثمانی دور کا ایک قالین بھی اس میں شامل ہے جسے عراقی کے حکمران شاہ فیصل اول کی جانب سے تحفے میں دیا گیا تھا۔
نیلام گھر کی جانب سے ایک باز کی پینٹنگ بھی رکھی جائے گی جسے باز کے پورٹریٹ میں ایک شاہکار کے پہلے ایڈیشن کے طور پر جانا جاتا ہے۔
واضح رہے کہ  کتاب میلے میں لگائے جانے والے اس سوتھبی نیلام گھر کے پویلین میں رکھے گئے شاہکار برائے فروخت بھی ہوں گے۔

کتاب میلے میں رکھے گئے شاہکار برائے فروخت بھی ہوں گے۔ فوٹو عرب نیوز

سوتھبی کے مشرق وسطیٰ اور ہندوستان کے چیئرمین ایڈورڈ گبزنے بتایا ہے کہ ہمارے ایسے شاہکار جن میں سعودی خریداروں کی دلچسپی ہوتی ہے ہم باقاعدگی سے فروخت کے لیے پیش کرتے ہیں۔
ایڈورڈ گبز نے بتایا کہ گذشتہ پانچ برس کے دوران ہمارے نیلام گھر نے سعودی عرب سے آنے والے خریداروں اور بولی لگانے والوں کی تعداد میں دوگنا اضافہ دیکھا ہے۔
سوتھبی کے چیئرمین کا کہنا ہے کہ ہم محسوس کرتے ہیں کہ ذاتی طور پر ایسے بین الاقوامی ایونٹ میں شمولیت کرتے ہوئے سعودی عرب کی دہلیز پر ہم جو کچھ پیش کر سکتے ہیں اس میں مزید  بہتری لانا ضروری ہے۔
گذشتہ سال کے آخر میں ریاض کے قریب الدرعیہ میں ہونے والی ایک تقریب میں بھی ہم موجود تھےاور اب کتاب میلے میں شرکت ایک خوشگوار اضافہ ہے۔
 
 
سعودی عرب کی خبروں کے لیے واٹس ایپ گروپ جوائن کریں

شیئر: