Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب مرغی اور انڈوں کی پیداوار میں خود کفیل، قیمتیں کم ہونے کا امکان

پولٹری کے شعبے میں 17 ارب ریال کی نئی سرمایہ کاری ہوئی ہے(فائل فوٹو عرب نیوز)
سعودی سیکریٹری ماحولیات و پانی و زراعت احمد العبادۃ نے سعودی عرب میں مرغیوں اور انڈوں کی پیداوار کے حوالے سے وزارت کی کارکردگی کا جائزہ جاری کیا ہے۔
اخبار 24 کے مطابق سیکریٹری ماحولیات و پانی و زراعت نے اجلاس کے دوران کہا کہ’ مرغی کے گوشت کے حوالے 68 فیصد تک خودکفیل ہوچکے ہیں۔ انڈوں کی پیداوار ضرورت سے تین فیصد زیادہ ہونے لگی ہے‘۔  
احمد العبادۃ نے بتایا کہ ’پولٹری کے شعبے میں 17 ارب ریال کی نئی سرمایہ کاری ہوئی ہے۔ 2025 تک مرغیوں کی پیداوار میں 80 فیصد تک خود کفیل ہوجائیں گے‘۔  
کمیٹی کے ارکان نے پولٹری سیکٹر کو درپیش چیلنجوں کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ ’ فیڈ مہنگی ہونے سے مرغیوں کی پیداوارکی لاگت بڑھ گئی ہے‘۔
علاوہ ازیں کارگو اور تقسیم کی لاگت میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ حالیہ ایام کے دوران مرغی کا گوشت زیادہ درآمد کیا گیا ہے۔ مرغیوں کے گوشت کا ذخیرہ زیادہ ہوگیا ہے۔
سیکریٹری ماحولیات و پانی و زراعت نےکہا  کہ’ فروغ زرعی فنڈ  سال رواں کے آخر تک 7 ارب ریال تک کے زرعی قرضے فراہم کرے گا۔ زراعت کے شعبے میں نئے اہداف کو فوڈ سیکیورٹی حکمت عملی سے منسلک کردیا گیا ہے‘۔
ایوان شاہی نے خوراک مصنوعات میں سرمایہ کاری، قومی پیداوار میں اضافے اور برآمدات کی استعداد بڑھانے کے لیے 95 ارب ریال کا سرمایہ مختص کیا ہے۔
سیکریٹری زراعت نے کہا کہ ’وزارت پولٹری نرخوں میں استحکام لانے اور مرغیوں کے گوشت کی پیداوار بڑھانے کے لیے متعدد سکیمیں تیار کی ہیں اورانہیں نافذ کیا جارہا ہے۔
’مرغیوں کا گوشت تیار کرنے کے لیے 120 نئے منصوبوں کے پرمٹ جاری کیے گئے ہیں۔ انڈوں کی پیداوار کے لیے 30 منصوبوں کے پرمٹ جاری ہوئے ہیں‘۔   
سیکریٹری زراعت کا کہنا تھا کہ’ آئندہ مرحلے میں مرغیوں کے نرخ دس فیصد تک کم ہونے کا امکان ہے‘۔

شیئر: