سعودی پولٹری کمپنی حلال مصنوعات کو نئی مارکیٹوں تک توسیع دے گی
سعودی پولٹری مارکیٹ میں تنمیہ فوڈ کمپنی کا 18 فیصد حصہ ہے(فوٹو ٹوئٹر)
سعودی عرب میں پولٹری کا کاروبار کرنے والی دوسری بڑی تنمیہ فوڈ کمپنی نے اپنی حلال مصنوعات کو نئی مارکیٹوں میں لے جانے کا منصوبہ بنایا ہے۔
امریکی نیوز چینل بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق تنمیہ فوڈ کمپنی نے اس مقصد کے لیے 402 ملین ریال اکھٹے کیے ہیں۔
تنمیہ فوڈ کمپنی کے ترجمان احمد اوسیلان نے ایک انٹرویو میں کہا کہ ہم نہ صرف مقامی بلکہ علاقائی اور عالمی سطح پر بھی توسیع کے لیے کوشاں ہیں۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ کمپنی اپنی توسیع کے ساتھ دنیا بھر میں 1.8 بلین مسلمانوں کو ہدف بنا رہی ہے۔
واضح رہے کہ سعودی پولٹری مارکیٹ میں تنمیہ فوڈ کمپنی کا 18 فیصد حصہ ہے اور مشرق وسطیٰ اور افریقہ کے کچھ حصوں میں اس کی شاخیں ہیں۔
ریاض میں قائم کمپنی نے کہا کہ وہ امریکہ، یورپ، ایشیا اورلاطینی امریکہ تک وسعت کی امید رکھتی ہے جو نجی اور سرکاری دونوں قرض دہندگان کے ’مختلف مالیاتی آلات‘ کے ذریعے فنڈ کیا جاتا ہے۔
تنمیہ فوڈ کمپنی کے ترجمان احمد اوسیلان نے کہا کہ ’حلال فوڈ بہت سی کمپنیوں کے لیے ایک اہم موقع بن رہا ہے اور ہمیں 2025 تک اس توسیع کے لیے تیار ہونا چاہیے۔‘
تنمیہ نے گذشتہ جون میں کہا تھا کہ وہ اپنی آئندہ شیئر فروخت کی آمدنی کو آئندہ پانچ سالوں میں دگنا پیداوار میں استعمال کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔
اوسیلان نے العربیہ کو بتایا کہ کمپنی نے گزشتہ پانچ سالوں میں پہلے ہی پیداوار کو چھ گنا کر دیا ہے اور سعودی پولٹری مارکیٹ میں اس کا حصہ 17.6 حصہ ہے۔