کراچی میں فائرنگ سے چینی ڈاکٹر زخمی، ایک شخص ہلاک
کراچی کے علاقے صدر میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے غیرملکی ڈاکٹر اور ان کی اہلیہ زخمی جبکہ ایک شخص ہلاک ہو گیا ہے۔
پولیس کے مطابق بدھ کو پیش آنے والے واقعے میں ’دندان ساز غیرملکی ڈاکٹر اور ان کی اہلیہ زخمی ہوگئیں جنہیں ہسپتال میں طبی امداد دی جا رہی ہے۔ واقعے میں ایک ملازم ہلاک ہوگیا ہے۔‘
ایس ایس پی ساؤتھ کراچی اسد رضا نے بتایا کہ ’ملزم کلینک میں مریض بن کر آیا اور باری آنے پر ڈاکٹر اور ان کی اہلیہ پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہو گئے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ’ڈاکٹر اور ان کی اہلیہ پاکستان اور چین کی دوہری شہریت رکھتے ہیں۔‘
پولیس کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں جبکہ مزید تفتیش کے لیے اردگرد میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیجز بھی حاصل کی جا رہی ہیں۔
دوسری جانب وزیرداخلہ رانا ثنااللہ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے چیف سیکرٹری سندھ سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔
انہوں نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ’ایسے واقعات ناقابل برداشت ہیں؛ ملزمان کو جلد سے جلد گرفتار کیا جائے۔ چینی باشندوں کی سیکیورٹی ہرصورت یقینی بنائی جائے۔‘