انڈیا میں فلم کی پروموشن کے دوران خاتون اداکاراؤں کے ساتھ بدسلوکی
جب اداکار ہال سے باہر نکل رہے تھے تو ہجوم بےقابو ہو گیا اور بھگدڑ مچ گئی (فوٹو: سوشل میڈیا)
انڈین ریاست کیرالہ میں فلم ’سیٹر ڈے نائٹ‘ کی پروموشن کے دوران دو ملیالم اداکاراؤں کے ساتھ دست درازی کا واقعہ پیش آیا ہے۔
سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہے جس میں ایک اداکارہ کو ہال میں موجود ایک شخص کو تھپڑ مارتے دیکھا جا سکتا ہے۔
انڈین اخبار دا انڈین ایکسپریس کے مطابق کیرالہ کے ساحلی شہر کالیکٹ میں دو ملیالم اداکاراؤں کے ساتھ دست درازی کا واقعہ اس وقت پیش آیا جب وہ اپنی فلم کی پروموشن کے لیے ہائی لائٹ مال گئی تھیں۔
جب اداکار ہال سے باہر نکل رہے تھے تو ہجوم بےقابو ہو گیا اور بھگدڑ مچ گئی۔
اداکاروں میں سے ایک نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں بتایا کہ ’میں اور میری فلم کی ٹیم کالیکٹ کے ایک مال میں اپنی نئی فلم کی تشہیر کر رہے تھے۔ کالیکٹ کے تمام مقامات پر پروموشن ایونٹس اچھی طرح سے ہوئے اور کالی کٹ کے لوگوں کی طرف سے محبت کا شکریہ۔‘
انہوں نے تفصیل سے آگاہ کرتے ہوئے لکھا کہ ’مال لوگوں سے کھچاکھچ بھرا ہوا تھا اور سیکورٹی کو ہجوم کو قابو کرنے کے لیے مشکلات کا سامنا تھا۔ تقریب کے بعد میں اور میرے ساتھی اداکار وہاں سے جا رہے تھے کہ کسی شخص نے میری ساتھی کے ساتھ بدتمیزی کی۔‘
اداکارہ نے بتایا کہ ’اس کے بعد مجھے بھی اسی طرح کی بدسلوکی کا سامنا کرنا پڑا اور میں نے اس پر ردعمل دیا جیسا کہ آپ ویڈیو میں دیکھ چکے ہیں۔ میں چاہوں گی کہ کسی کو بھی اپنی زندگی میں اس قسم کے صدمے سے نہ گزرنا پڑے۔ خواتین کے خلاف تشدد اور بدسلوکی کرنے والے افراد کو کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔‘
دوسری اداکارہ نے بھی اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر لکھا کہ پر لکھا کہ ’مال میں اپنی فلم کی تشہیر کے دوران آج مجھے ایک خوفناک تجربہ ہوا۔ مجھے کالیکٹ بہت پسند ہے لیکن ہجوم والے مقام سے باہر نکلتے وقت کسی نے مجھے چھُوا۔‘
انہوں نے بتایا کہ ’ہم نے پروموشن کے لیے بہت سی جگہوں کا دورہ کیا لیکن ایسا ناگوار تجربہ کبھی نہیں ہوا۔ میری خاتون ساتھی کو بھی ایسا ہی تجربہ ہوا۔ انہوں نے اس پر ردعمل ظاہر کیا لیکن میں حالات کی وجہ سے ایسا نہیں کر سکی۔ ‘
تاحال یہ معلوم نہیں ہو سکا ہے کہ آیا دونوں اداکارائیں بدسلوکی کرنے والے افراد کے خلاف قانونی کارروائی کا ارادہ رکھتی ہیں یا نہیں۔