ہم ٹی وی ایوارڈز میں آسکر کا ’سکرپٹڈ‘ تھپڑ
سوشل میڈیا پر پاکستان کی شوبز سے متعلق اپ ڈیٹس دینے والے پیجز پر ایک ویڈیو شیئر کی جا رہی ہے جس میں میزبان احمد علی اکبر تقریب کے میزبان کو تھپڑ جڑ دیتے ہیں۔
دراصل یہ ویڈیو کلپ پاکستان کے نجی ٹیلی ویژن چینل ’ہم نیٹ ورک‘ کے ایوارڈز کی تقریب کا ہے جو کینیڈا کے شہر ٹورنٹو میں 24 ستمبر کو منعقد ہوئے۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ احمد علی بٹ مقبول ڈرامہ ’پری زاد‘ ڈرامے میں احمد علی اکبرکے کردار پر طنز کرتے ہیں اور ان کی رنگت کا مذاق اڑاتے ہیں جس پر احمد علی اکبر سیٹ سے اٹھ کر انہیں ازراہ مذاق طمانچہ مار دیتے ہیں۔
احمد علی بٹ اور احمد علی اکبر کے درمیان تھپڑ کا یہ معاملہ ’سکرپٹڈ‘ تھا اور یہ 2022 کے آسکرز میں وِل سمتھ اور کارل راک کے درمیان ہونے والی اصلی لڑائی کی کاپی تھی۔
اداکار ول سمتھ نے معروف کامیڈین کرس راک کو سٹیج پر اس وقت تھپڑ جڑا جب کرس نے ان کی اہلیہ جیڈا پنکیٹ سمتھ کا مذاق اڑایا تھا۔
احمد علی بٹ اور احمد علی اکبر کے درمیان اس مذاق پر سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بھی تبصرے دیکھنے میں آ رہے ہیں۔
کنول احمد نامی ٹوئٹر صارف نے لکھا کہ ’پری زاد ڈرامہ جو رنگت کے مسائل پر مبنی تھا اس کے بارے میں منہ کالا کروانا کیسے کوئی مذاق ہوسکتا ہے وہ بھی ایوارڈ فنکشن میں۔‘
صارف ماہین گیلانی نے لکھا کہ ’انھوں نے آسکرز میں ہونے والے پرتشدد واقعہ پر بھی مذاق بنایا ہے، یہ کیسے مزاحیہ ہے؟ ہمارے لوگوں کو کیا ہوگیا ہے؟‘
ایک اور صارف ٹویٹ کی کہ ’کچھ چیزیں مذاق نہیں ہوتیں، یہ ان میں سے ایک تھا، یہ مذاق احمد کے کردار پر نہیں تھا بلکہ ہم پر تھا کیونکہ ہم اس پر ہنسے ہیں۔‘
احمد علی اکبر نے پری زاد ڈرامے میں غریب لڑکے کا کردار ادا کیا تھا جس پر انھیں سیاہ فام دکھایا گیا تھا تاہم ڈرامے کے آخر میں وہ ایک امیر شخص بن جاتے ہیں۔