ایپل نے اپنے ایپ سٹور سے روسی سوشل میڈیا نیٹ ورک ’وی کونٹاکٹے‘ کو ہٹا دیا
ایپل نے اپنے ایپ سٹور سے روسی سوشل میڈیا نیٹ ورک ’وی کونٹاکٹے‘ کو ہٹا دیا
جمعرات 29 ستمبر 2022 7:30
برطانیہ کی جانب سے پابندیوں کے بعد ایپل نے وی کونٹاکٹے کی ایپ ہٹا دی۔ فوٹو: اے ایف پی
امریکہ کی ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے اپنے ایپ سٹور سے روس کے مقبول سوشل میڈیا نیٹ ورک وی کونٹاکٹے (وی کے) کو ہٹا دیا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق بدھ کو ایپل نے جاری بیان میں کہا تھا کہ روسی سوشل میڈیا نیٹ ورک کو ایپ سٹور سے ہٹانے کی وجہ روسی شخصیات اور اداروں پر برطانیہ کی جانب سے لگنے والی پابندیاں ہیں۔
خیال رہے کہ برطانیہ کی حکومت نے یوکرین میں روس کے زیرقبضہ علاقوں میں ریفرنڈم کے بعد 92 روسی افراد اور اداروں پر پابندیاں عائد کی تھیں۔
یوکرین کی جانب سے روس کے ریفرنڈم کی مذمت کرتے ہوئے اسے ’جعلی‘ اور مغرب کے لیے خطرہ قرار دیا گیا تھا۔
روس کے شہر سینٹ پیٹرز برگ میں قائم ٹیکنالوجی فرم وی کے کی جانب سے قبل ازیں کہا گیا تھا کہ اب اس کی کچھ ایپلیکیشنز ایپل ایپ سٹور پر دستیاب نہیں ہیں، یہ ایپ سٹور ایپل کے موبائل آلات پر واحد گیٹ وے کے طور پر کام کرتا ہے۔
وی کونٹاکٹے کی ایپس کو پیغامات بھجوانے کے علاوہ ڈیجیٹل ادائیگیوں اور سامان کی خریداری کے لیے استعمال کیا جاتا ہے جبکہ یہ فیس بک سے ملتا جلتا ایک سماجی پلیٹ فارم بھی ہے۔
ایپل کے ایپ سٹور سے جن ایپس کو ہٹایا گیا ہے انہیں اس سے پہلے برطانیہ کی جانب سے منظور شدہ پارٹیوں کے ذریعے استعمال کیا جا رہا تھا۔
ایپل نے مزید کہا ہے کہ اس نے ان منظور شدہ پارٹیوں کے اکاؤنٹس بھی بند کر دیے ہیں۔
دوسری جانب ایپل نے وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ وہ روسی سوشل میڈیا ایپ ہٹا کر قانون کی تعمیل کر رہا ہے۔
خیال رہے کہ برطانوی سیکریٹری خارجہ جیمز نے یوکرین کے مقبوضہ علاقوں میں ہونے والے ریفرنڈم سے متعلق کہا تھا کہ ’جعلی اور بندوق کے زور پر کرائے جانے والا ریفرنڈم کسی طور آزاد اور شفاف نہیں ہو سکتا اور ہم اس کے نتائج کو تسلیم نہیں کریں گے۔‘
ان کے مطابق ’برطانیہ کی جانب سے روس پر لگائی جانے والی پابندیوں میں ان لوگوں اور پلیٹ فارمز کو ہدف بنایا گیا ہے جو جعلی ووٹنگ میں ملوث تھے جبکہ انفرادی سطح پر بھی ان افراد پر پابندیاں عائد کی گئی ہیں جو روسی حکومت کی جارحیت کو آگے بڑھا رہے ہیں۔‘