Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایپل کا ایپ سٹورز پر قیمتوں میں اضافے کا اعلان

5 اکتوبر سے ایپل کے ایپ سٹور پر موجود ایپس کی قیمتیں بڑھ جائیں گی (فائل فوٹو: اے ایف پی)
امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے یورپی ممالک سمیت چند ایشیائی اور جنوبی امریکی صارفین کے لیے ایپ سٹورز سے خریدی ہوئی ایپس کی قیمتوں میں اضافے کا اعلان کیا ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق ایپل نے منگل کو بلاگ پوسٹ میں اعلان کیا کہ اس تبدیلی کا اطلاق یورو زون میں موجود تمام ممالک جبکہ چند ایشیائی اور جنوبی امریکی ممالک پر ہوگا۔
ایپل کے مطابق قابل تجدید سبسکرپشن کے علاوہ ایپ سٹور پر موجود تمام ایپس کی قیمتیں پانچ اکتوبر سے بڑھ جائیں گی۔
ایپل ہر کچھ عرصے کے بعد مختلف ممالک کے لیے نئی قیمتیں متعارف کرواتا ہے جبکہ یورو زون کے ممالک سے تعلق رکھنے والے صارفین کے لیے گذشتہ سال قیمتیں کم کی گئی تھیں جس کے بعد اکثر ایپس کی کم سے کم قیمت 99 سے 1.09 یورو تھی۔
حالیہ اضافے کے بعد ایپ سٹور پر موجود ایپس کی کم سے کم قیمت 1.19 یورو ہو جائے گی۔
دنیا بھر میں مہنگائی، شرح سود اور تیل کی قیمتوں میں اضافے سے جاپانی ین، یورو کی قدر کے علاوہ دیگر ابھرتی ہوئی ہوئی معیشتیں متاثر ہوئی ہیں۔
رواں سال میں یورو کی قدر ڈالر کے مقابلے میں 20 سال کی کم ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔
ایپل کی جانب سے قیمتوں میں اضافے سے یورو زون میں موجود ممالک کے علاوہ پاکستان سمیت جاپان، ملائیشیا، جنوبی کوریا، ویت نام، چلی، پولینڈ اور سویڈن میں صارفین بھی متاثر ہوں گے۔
ایپل کی کوشش ہے کہ کمائی کے لیے آئی فون پر انحصار کم کرتے ہوئے مختلف سروسز متعارف کروائی جائیں۔
گذشتہ کئی سالوں سے ایپل کمپنی کا ایپ سٹور سمیت دیگر سروسز کے ذریعے کمائے جانے والے منافع میں اضافہ ہو رہا ہے جو ایک سہ ماہی میں 20 ارب ڈالر تک پہنچ گیا ہے۔

شیئر: