ایون فیلڈ ریفرنس میں مریم نواز اور کیپٹن صفدر بری
جمعرات 29 ستمبر 2022 12:28
اسلام آباد ہائی کورٹ نے ایون فیلڈ ریفرنس میں مریم نواز اور کیپٹن (ر ) صفدر کی سزائیں کالعدم قرار دیتے ہوئے انہیں بری کردیا جس کے بعد مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کی نا اہلی ختم ہوگئی ہے۔
ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا کے خلاف مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز اور کپیٹن (ر) صفدر کی اپیلوں پر اسلام آباد ہائی کورٹ نے فیصلہ دیتے ہوئے ملزمان کو بری کرنے کا حکم جاری کر دیا ہے۔
جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے اپیل پر سماعت کی۔
نیب پراسکیوٹر سردار مظفر نے حتمی دلائل دیے۔
واضح رہے کہ احتساب عدالت نے 2018 کے عام انتخابات سے قبل مریم نواز کو ایون فیلڈ ریفرنس میں سات سال قید کی سزا سنائی تھی۔
جمعرات کو ہونے والی سماعت میں عدالت نے کہا کہ آمدن سے زائد اثاثوں میں نواز شریف اور مریم نواز کا تعلق ثابت نہیں ہو رہا۔ نیب عدالت کو مطئمن کرنے میں ناکام رہا۔
عدالت نے ایون فیلڈ ریفرنس میں مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کی چار سال کے بعد اپیلیں منظور کرتے ہوئے انہیں بری کرنے کا حکم دے دیا اور مریم نواز کو سنائی گئی 7 سال کی سزا کالعدم قرار دے دی۔
عدالتی فیصلے کے بعد کمرہ عدالت کے باہر موجود مسلم لیگ ن کے کارکنان نے مریم نواز اور قائد مسلم لیگ ن نواز شریف کے حق میں نعرے بازی کی۔
یاد رہے کہ اسلام آباد کی احتساب عدالت نے ایون فیلڈ ریفرنس میں متعدد سماعتوں کے بعد جولائی 2018 میں سابق وزیراعظم نواز شریف کو 11 سال قید کی سزا سناتے ہوئے ان پر 80 لاکھ برطانوی پاؤنڈ جرمانہ بھی عائد کیا تھا۔
عدالت نے اس ریفرنس میں مریم نواز کو سات سال قید کی سزا سناتے ہوئے 20 لاکھ برطانوی پاؤنڈ جرمانہ بھی عائد کیا تھا۔
اس طرح کیپٹن (ر) صفدر کو ایک سال قید کی سزا سنائی تھی تاہم عدالت نے مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کا مقدمہ نواز شریف کے مقدمے سے علیحدہ کردیا تھا۔
’آج نواز شریف سرخرو اور عمران خان ناکام ہوئے‘
فیصلے کے بعد عدالت کے باہر صحافیوں سے گفتگو میں مریم نواز کا کہنا تھا کہ آج نواز شریف سرخرو اور عمران خان ناکام ہو گئے ہیں۔
انہوں نے کیس کو جھوٹ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’جب یہ نواز شریف کے خلاف بنایا گیا تو ان کو کہا گیا کہ آپ کو استثنٰی ہے وہ لے لیں لیکن انہوں نے انکار کیا اور کیس کا سامنا کیا۔‘
انہوں نے عمران خان کی مبینہ آڈیو کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کا سازشی کردار سامنے آگیا ہے، انہوں نے پاکستان اور سکیورٹی مفاد کے خلاف سازش کی۔
’عمران خان نے جعل سازی کی بنیاد پر اداروں کو تنقید کا نشانہ بنایا، پاکستان کی سالمیت اور اداروں پر حملے کیے اور سیاسی جماعتوں کو نشانہ بنایا۔‘
انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ’جلد نواز شریف بھی ملک واپس آئیں گے۔ میرے الیکشن لڑنے کا فیصلہ پارٹی قیادت کرے گی۔‘
آڈیو لیکس سے متعلق سوال کے جواب میں مریم نواز نے کہا کہ ’آپ بھلے ہماری آڈیوز ریلیز کریں۔ ان سب سے ثابت ہو گا کہ ہم ملک کی بہتری کا ہی سوچتے ہیں۔‘
ان آڈیوز کی لیک کے پیچھے کوئی آئی ٹی کمپنی ہے؟ اس سوال پر مریم نواز نے کہا ’یہ آئی ٹی کمپنی نہیں ہے۔ یہ عمران خان ہے اور اس کے ساتھ اس کا کوچ اور ایک دو نیوز چینلز ہیں۔‘