Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کرکٹر اعظم خان کو شادی کی پیشکش ’میری بہن آپ کو اپنا بہنوئی بنانا چاہتی ہے‘

اعظم خان سابق کرکٹر معین خان کے بیٹے ہیں۔ فوٹو: انسٹا اعظم خان
پاکستانی کرکٹر اعظم خان کو ویسٹ انڈیز میں میچ کے دوران ایک خاتون تماشائی نے سٹیڈیم میں شادی کی پیش کش کر دی۔
سنیچر کے روز کیریبیئن پریمیئر لیگ (سی پی ایل) کے فائنل کے دوران ایک خاتون تماشائی نے اعظم خان کو اپنی بہن کا پیغام پہنچایا۔
اعظم خان کی ٹیم بارباڈوس رائلز کی جانب سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک ٹویٹ کی گئی جس میں کہا گیا کہ ایک خاتون اعظم خان کو اپنی بہن کا بہنوئی بنانا چاہتی ہے۔
ٹویٹ کے ساتھ لگی ہوئی تصویر میں بھی دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک خاتون پلے کارڈ تھامے کھڑی ہیں جس پر لکھا ہے ’اعظم خان، میری بہن چاہتی ہے کہ میں آپ کو اس کا بہنوئی بناؤں۔‘
اس ٹویٹ پر بارباڈوس رائلز نے جواب میں لکھا ’کیا کہتے ہو اعظم بھائی۔‘
اعظم خان پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق وکٹ کیپر اور بیٹس مین معین خان کے بیٹے ہیں جنہوں نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی بدولت اپنی پہچان بنائی تھی جس کے بعد انہیں پاکستان کرکٹ ٹیم میں بھی کھلایا گیا تھا۔
اعظم خان سی پی ایل کے 2022 میں ہونے والے ایڈیشن میں بارباڈوس رائلز کا حصہ تھے۔
اعظم خان کو ویسٹ انڈین لڑکی کی جانب سے شادی کی آفر آنے پر ٹوئٹر صارفین کے جانب سے بھی دلچسپ تبصرے دیکھنے میں آرہے ہیں۔
ٹوئٹر صارف کنزا عارف نے معین خان کو ٹیگ کر کے لکھا ’آپ کے بیٹے کے لیے سیدھا سٹیڈیم سے رشتہ آیا ہے۔‘
صارف واسو نے لکھا ’کہہ دو کہ اہم خاندان سے باہر شادی نہیں کرتے۔‘

دانش علی نے میم شیئر کرتے ہوئے کہا کہ ’ابا نہیں مانیں گے‘

یاد رہے اعظم خان نے بارباڈوس رائلز کی جانب سے سی پی ایل کے اس ایڈیشن میں 12 میچز میں 257 رنز بنائے ہیں۔

شیئر: