Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’یا اللہ یا تو اچھا مڈل آرڈر دے یا اس مڈل آرڈر کی بیٹنگ ہی نہ آنے دے‘

پاکستان نے لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں انگلینڈ کو پانچویں ٹی20 میچ میں چھ رنز سے شکست دے کر سات میچوں کی سیریز میں 2-3 کی برتری حاصل کرلی ہے۔
بدھ کو کھیلے جانے والے میچ میں پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں انگلینڈ کو جیت کے لیے 146 رنز کا ہدف دیا تھا۔
اس ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ کی ٹیم صرف 7 وکٹوں کے نقصان پر 139 رنز بناسکی اور انگلش کپتان معین کی ففٹی بھی رائیگاں گئی۔
پاکستان کی بیٹنگ لائن آج پھر لڑکھڑاتی ہوئی نظر آئی اور محمد رضوان کے علاوہ کوئی بھی بیٹر وکٹ پر زیادہ دیر تک رک نہیں سکا۔
محمد رضوان نے 46 گیندوں پر 63 رنز کی اننگز کھیلی۔ پاکستان کی جانب سے آٹھ بیٹرز 10 کا ہندسہ بھی عبور نہ کرسکا۔
اگر کہا جائے کہ یہ میچ پاکستان کو بولرز نے جتوایا ہے تو بے جا نہ ہوگا۔ پاکستانی بولرز نے پاور پلے میں ہی انگلینڈ کی تین وکٹیں گرا دی تھیں۔
میچ کے آخری اوور میں انگلینڈ کو چھ گیندوں پر 15 رنز درکار تھے اور معین علی کریز پر تھے لیکن آج ڈیبیو کرنے والے فاسٹ بولر عامر جمال نے اس اوور میں صرف 9 رنز دیے اور پاکستان کو میچ جتوادیا۔
پاکستان کی اس جیت پر سوشل میڈیا صارفین بھی خوش نظر آرہے ہیں اور عامر جمال کو آخری اوور میں اچھی بولنگ کرنے پر شاباشی دے رہے ہیں۔
کھیلوں پر رپورٹنگ کرنے والے صحافی عبدالغفار نے لکھا ’عامر جمال، نام یاد رکھیے گا۔‘
اس جیت کے باوجود کچھ سوشل میڈیا صارفین پاکستان کے بیٹنگ مڈل آرڈر سے نالان نظر آئے۔
پی ایس ایل میمز نامی اکاؤنٹ نے محمد رضوان کی تصویر لگا کر ان سے منسوب کرکے لکھا ’یا اللہ، یا تو ہمیں اچھا مڈل آرڈر دے یا اس مڈل آرڈر کی بیٹنگ ہی نہ آنے دے۔‘
حارث رؤف نے آج چار اوورز میں 41 رنز دیے اور تھوڑے مہنگے ثابت ہوئے لیکن انہوں نے دو اہم وکٹیں حاصل کیں۔
تیمور زمان نامی صارف نے بالی وڈ فلم کی میم شیئر کرتے ہوئے حارث رؤف سے منسوب کرتے ہوئے بیٹنگ آرڈر کو پیغام دیا کہ ’سارے کام میں ہی کروں۔‘
علی سلمان علوی نامی صارف نے پاکستانی مڈل آرڈر بیٹر افتخار احمد پر طنز کرتے ہوئے لکھا ’افتخار احمد بولر کی حیثیت سے کھیل رہے ہیں۔ وہ مڈل آرڈر میں بیٹنگ کرنے صرف تفریح کے لیے آتے ہیں۔‘
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان سیریز کا چھٹا میچ جمعے کو لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں ہی کھیلا جائے گا۔

شیئر: