Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریاض ایئرپورٹ اور الحدیثہ چیک پوسٹ پر 7 لاکھ سے زیادہ نشہ آور گولیاں سمگل کرنے کی کوشش ناکام

ریاض ایئرپورٹ پر فرنیچر میں چھپا کر منشیات لانے کی کوشش ناکام بنائی گئی( فوٹو ایس پی اے)
سعودیح حکام  نے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ ریاض اور الحدیثہ بری سرحدی چیک پوسٹ کے راستے 7 لاکھ 56 ہزار 212 نشہ آور گولیوں کی سمگلنگ کی چار کوششیں ناکام بنائی ہیں۔
نشہ آور گولیاں انتہائی مہارت سے سامان میں چھپا کر سمگل کرنے کی کوشش کی جا رہی تھیں۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق زکوۃ، ٹیکس اور کسٹم اتھارٹی نے جمعے کو بیان میں بتایا کہ’ الحدیثہ چیک پوسٹ اور کنگ خالد ایئرپورٹ کے کسٹم حکام نے سیکیورٹی ٹیکنالوجی اور سراغرساں کتوں کی مدد سے سامان کی تلاشی لی‘۔  
 کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایک لاکھ 71 ہزار 792 نشہ آور گولیاں فرنیچر میں چھپا کر لانے کی کوشش ناکام بنائی گئی۔ 

 ایک ٹرک کے مختلف حصوں میں  نشہ آور گولیاں چھپا کر لائی جارہی تھیں( فوٹو ایس پی اے)

 الحدیثہ چیک پوسٹ پر 60 ہزار500 نشہ آور گولیاں ایک ٹرالر پر لدی گاڑی میں چھپا کر لانے کی کوشش کی گئی۔
 اتھارٹی نے بیان میں کہا کہ ’الحدیثہ چیک پوسٹ پر ایک ٹرک کے مختلف حصوں میں 2 لاکھ 76 ہزار نشہ آور گولیاں چھپا کر لائی جارہی تھیں۔ الحدیثہ چیک پوسٹ کے ذریعے منشیات سمگل کرنے کی ایک اور کوشش ناکام بنا کر 2 لاکھ سے زیادہ نشہ آور گولیاں ضبط کی گئی ہیں‘۔
بیان میں کہا گیا کہ’ نشہ آور گولیوں کی سمگل کیے جانے کی اطلاع  ملنے پر محکمہ انسداد منشیات کے ساتھ تعاون سے اندرون مملکت سے ان تین افراد کو گرفتار کرلیا گیا جو نشہ آور گولیاں وصول کرنے پہنچے تھے‘۔

شیئر: