دبئی ایئرپورٹ پر 3 لاوارث بیگز سے منشیات برآمد، غیر ملکی گرفتار
غیرملکی امارات کے دوسرے ایئرپورٹ سے فرار ہورہا تھا۔ (فوٹو الامارات الیوم)
متحدہ عرب امارات میں دبئی ایئرپورٹ حکام اور پبلک پراسیکیوشن کے ماہرین نے ایئرپورٹ پر لاوارث 3 بیگز سے منشیات برآمد ہونے پر ایک غیر ملکی شہری کو گرفتار کیا ہے جو ان بیگز کو چھوڑ کر فرار ہوا تھا۔
الامارات الیوم کے مطابق ایک غیرملکی شہری ایئرپورٹ پر سکیورٹی اہلکاروں کو چوکس دیکھ کر خوفزدہ ہوگیا۔
سکیورٹی کو دیکھ کر غیرملکی شہری اپنے تینوں بیگز چھوڑ کر ایئرپورٹ سے فرار ہوگیا تھا۔ سکیورٹی اہلکاروں نے تعاقب کرکے اسے گرفتار کرلیا۔ پبلک پراسیکیوشن نے مقدمہ چلانے کے لیے اس کا کیس فوجداری عدالت میں پیش کیا ہے۔
پبلک پراسیکیوشن نے بتایا کہ ’ملزم نشہ آور اشیا کے کاروبار کے لیے امارات پہنچا تھا اور راتوں رات مالدار بننا چاہتا تھا۔ وہ اس سے قبل بھی نشہ آور اشیا کا کاروبار کرتا رہا ہے۔‘
پبلک پراسیکیوشن کا کہنا ہے کہ پکڑے جانے والے غیرملکی نے اپنی مجرمانہ زندگی کی شروعات نشے کے استعمال سے کی تھی پھر اس کا عادی ہوگیا تھا۔ نشہ آور اشیا کا کاروبار شروع میں رشتہ داروں اور دوستوں تک محدود کیے ہوئے تھا۔
پبلک پراسیکیوشن نے بتایا کہ ایئرپورٹ کی سراغ رساں مشینوں کے ذریعے ایک بیگ کا معائنہ کیا گیا۔ اسی دوران اسے لانے والے مسافر کا انتظار کیا جانے لگا۔ بعد ازاں باریک بینی سے تفتیش کی گئی تو بیگ سے 24 کلو گرام قات برآمد ہوئی۔ دوسرے دو بیگوں میں بھی نشہ آور اشیا موجود تھیں۔
پبلک پراسیکیوشن نے بیگوں کے مالک کی شناخت کرکے محکمہ انسداد منشیات کے تعاون سے اس تک رسائی حاصل کرلی۔
واضح رہے کہ غیرملکی کو اس وقت گرفتار کیا گیا جب وہ امارات کے ایک اور ایئرپورٹ سے فرار ہونے کی کوشش کر رہا تھا۔
امارات کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز یو اے ای“ گروپ جوائن کریں