متحدہ عرب امارات میں دبئی روڈ اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی اور ابوظبی میں ٹرانسپورٹ سینٹر نے کہا ہے کہ ’جمعہ 7 اکتوبر رات دس سے پیرکی صبح 8 بجے تک دبئی اور ابوظبی میں کار پارکنگ مفت ہوگی تاہم کثیر منزلہ پارکنگ اس سہولت سے مستثنی ہیں‘۔
الامارات الیوم کے مطابق دو دن مفت کار پارکنگ کا فیصلہ 12 ربیع الاول کی سرکاری تعطیل کے پیش نظر کیا گیا ہے۔ سنیچر 8 اکتوبر کو میلاد النبی کی چھٹی ہوگی۔ یاد رہے کہ سال رواں سے دبئی میں اتوار کو ہفت وار تعطیل ہورہی ہے۔
ابوظبی ٹرانسپورٹ سینٹر کا کہنا ہے کہ پیر سے کار پارکنگ فیس کی وصولی بحال کی جائے گی۔
ابوظبی ٹرانسپورٹ سینٹر نے انتباہ کیا کہ’ ممنوعہ مقامات پر پارکنگ یا غیر منظم طریقے سے گاڑیوں کو پارک کرنے پر مقررہ کارروائی کی جائے گی‘۔
’پارکنگ انسپکٹرز تفتیشی عمل جاری رکھیں گے۔ پارکنگ ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف مقررہ کارروائی کی جائے گی‘۔