Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ٹرائی سیریز: پاکستان نے نیوزی لینڈ کو چھ وکٹوں سے شکست دے دی

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان آخری مرتبہ ٹی20 میچ گزشتہ سال شارجہ میں کھیلا گیا تھا (فوٹو:ای ایس پی این)
ٹرائی سیریز کے میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو چھ وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔ کپتان بابراعظم نے 11 چوکوں کی مدد سے 53 گیندوں پر ناقابل شکست 79 رنز بنائے۔
کرائسٹ چرچ کے ہاگلے اوول سٹیڈیم میں نیوی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر پاکستان کو جیت کے لیے 148 رنز کا ٹارگٹ دیا تھا۔

نیوزی لینڈ کی اننگز

نیوزی لینڈ کی پہلی وکٹ تیسرے اوور میں گری جب محمد وسیم کی گیند پر فِن ایلن انہی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔ فِن ایلن نے 13 رنز بنائے۔
نیوزی لینڈ کو دوسرا نقصان ڈیون کانوے کے آؤٹ ہونے کی صورت میں 11ویں اوور میں ہوا جب وہ محمد نواز کی گیند پر حیدر علی کے پاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔ ڈیوں کونوے نے 36 رنز بنائے۔
تیرھویں اوور میں آؤٹ ہونے والے چوتھے بیٹر کین ولیمسن تھے جنہیں محمد نواز نے کلین بولڈ کیا۔ کین ولیمسن 31 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
نیوزی لینڈ کی چوتھی وکٹ 18ویں اوور میں گری جب گلین فلپ نے شاہنواز دھانی کی گیند پر اونچا شاٹ کھیلا لیکن وہ آصف علی کیچ آؤٹ ہو گئے۔ گلین فلپ 18 رنز بنا سکے۔
اس کے بعد 19ویں اوور میں نیوزی لینڈ کے دو بیٹرز جیم نیشام اور مائیکل بریس حارث رؤف کے ہاتھوں یکے بعد دیگرے آؤٹ ہو گئے۔ جیم نیشام 5 رنز بنا کر جبکہ مائیکل بریس صفر پر پویلین لوٹے۔

بابر اعظم نے 53 گیندوں پر 79 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے (فوٹو: کرک انفو)

حارث رؤف کے اسی اوور کی آخری گیند پر مارک چیپمین محمد وسیم کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ مارک چیپمین نے 32 رنز بنائے۔
نیوزی لینڈ کو آٹھواں نقصان اش سودھی کی وکٹ گرنے کی صورت میں ہوا جنہیں محمد وسیم نے میچ کے آخری اوور میں بولڈ کیا۔
اس میچ میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔

پاکستان کی اننگز

پاکستان کی جانب سے بابراعظم اور محمد رضوان نے 148 کے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو محمد رضوان صرف چار کے سکور پر ایش سودھی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہو گئے اور ان کی جگہ شان مسعود بیٹنگ کرنے آئے تاہم وہ بھی صرف دو ہی گیندوں کا سامنا کر پائے اور ٹکنر کی بال پر کانوے کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔
ان کی جگہ شاداب خان آئے تو کپتان بابر اعظم نے مزید کھل کر کھیلنا شروع کیا اور سکور بتدریج بڑھتا رہا۔
شاداب خان نے بھی ان کا بھرپور ساتھ اور 22 گیندوں پر 34 رنز بنائے تاہم اس کے بعد ٹکنر کی بال پر ہٹ لگانے کی کوشش سودھی کو کیچ تھما بیٹھے۔
ان کے بعد محمد نواز کریز پر آئے اور 19 گیندوں پر 16 رنز بنا کر بولٹ کی گیند پر کانوے کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے۔
محمد نواز نے بعد حیدر علی کھیلنے آئے تو اس وقت تک بابر اعظم پوری طرح میچ پر اپنی گرفت جما چکے تھے اور یکے بعد دیگرے کئی چوکے بھی لگا چکے تھے۔
حیدر علی نے صرف دو گیندوں کا ہی سامنا کیا تاہم ان پر وہ بھی 10 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے۔

 


نیوزی لینڈ کی جانب سے سودھی نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا (فوٹو: اے ایف پی)

بابر اعظم اور حیدر علی ناٹ آؤٹ رہے۔
میچ سے قبل پاکستان کی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا کہنا تھا کہ ’ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔‘ دوسری جانب نیوزی لینڈ کی ٹیم کے کپتان کین ولیمسن کا کہنا ہے کہ ’انجری کے مسائل کی وجہ سے نئے لڑکوں کو کھیلنے کا موقع دے رہے ہیں۔‘
اس سے قبل جمعے کے روز کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے بنگلہ دیش کو 21 رنز سے شکست دے دی تھی۔
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان اب تک 25 ٹی20 میچز ہوچکے ہیں جس میں 15 مرتبہ پاکستان جبکہ 10 مرتبہ نیوزی لیند نے فتح حاصل کی ہے۔
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان آخری مرتبہ ٹی20 میچ گزشتہ سال آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ میں شارجہ میں کھیلا گیا تھا جس میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو 6 وکٹوں سے ہرا دیا تھا۔

شیئر: