’اتنے مبارک باد کے پیغامات شادی پر نہیں آئے جتنے شاداب کی وجہ سے ملے‘
ہفتہ 8 اکتوبر 2022 13:49
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
ٹرائی سیریز کے میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو شکست دی (فوٹو: ویڈیو گریب)
ٹرائی سیریز کے میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف کامیابی حاصل کی تو شائقین کرکٹ پاکستانی کھلاڑیوں خصوصا کپتان بابراعظم اور شاداب خان کو ان کی عمدہ کارکردگی پر داد دیے بغیر رہ نہ سکے۔
آل راؤنڈر شاداب خان نے میچ کے کے بعد ٹوئٹر پر جاری کردہ ایک پیغام میں ’ارادے‘ کا ذکر کرتے ہوئے مستقبل کا منصوبہ بتایا تو شائقین کی بڑی تعداد ان کے عزائم کی حامی دکھائی دی۔
شاداب خان کا اپنی ٹویٹ میں کہنا تھا کہ ’ہم اپنی غلطیاں درست کرنے کے لیے سخت محنت اور ورلڈکپ کے لیے منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔‘
![](/sites/default/files/pictures/October/36491/2022/screenshot_508.jpg)
کرکٹ فینز کے نام پیغام میں انہوں نے لکھا کہ ’پاکستان کو سپورٹ کرتے رہیں۔‘
شاداب خان کی اس ٹویٹ پر تبصرہ کرنے والوں نے آج کے میچ میں ان کی کارکردگی کی تعریف کی تو بیٹنگ، بولنگ، فیلڈنگ کے مختلف مواقع کا حوالہ دے کر انہیں ’ون مین آرمی‘ قرار دیا۔
محمد فیاض نے لکھا کہ ’شیدی بھائی بس آپ اپنا نیچرل گیم کھیلو، باقی ہم سنبھال لیں گے۔‘
![](/sites/default/files/pictures/October/36491/2022/screenshot_509.jpg)
ارادے کا ذکر ہوا تو کرکٹ فینز پاکستانی مڈل آرڈر کی جانب سے گراؤنڈ میں آتے ہی کھیلی گئی باؤنڈری شاٹس کا ذکر کرنا نہیں بھولے۔
![](/sites/default/files/pictures/October/36491/2022/screenshot_510.jpg)
پاکستان سپر لیگ میں شاداب خان کی ٹیم اسلام آباد یونائیٹڈ کے جنرل مینیجر ریحان الحق نے اپنے تبصرے میں لکھا کہ ’اتنی مبارک کی ٹویس اور میسیج مجھے میری شادی پر نہیں آئے تھے جتنے آج شاداب کے چوتھے نمبر پر بیٹنگ کرنے کے آئے ہیں۔‘
![](/sites/default/files/pictures/October/36491/2022/screenshot_511.jpg)
سنیچر کو کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے ہدف کا کامیاب تعاقب کرتے ہوئے کیویز کو چھ وکٹوں سے شکست دی۔
کرائسٹ چرچ کے ہاگلے اوول سٹیڈیم میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر پاکستان کو جیت کے لیے 148 رنز کا ٹارگٹ دیا۔
ٹیم کی ابتدائی دو وکٹیں جلد گرنے کے بعد بیٹنگ کے لیے آنے والے شاداب خان نے 22 گیندوں پر 34 رنز بنائے۔ پاکستانی اننگز کے ٹاپ سکورر کپتان بابراعظم رہے جنہوں نے 11 چوکوں کی مدد سے 53 گیندوں پر 79 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔