پاکستانی انٹرٹینمنٹ چینل اے آر وائی ڈیجیٹل کے ڈرامے ’حبس‘ کا ایک ڈائیلاگ سوشل میڈیا پر نہ صرف زیر گفتگو ہے بلکہ صارفین کے چہروں پر مسکراہٹیں بھی بکھیر رہا ہے۔
ڈرامہ سیریل ’حبس‘ کی رواں ہفتے ریلیز ہونے والی نئی قسط میں کھانے کی میز پر بہو کے پیزا کھانے پر ساس، بہو اور بیٹے میں تکرار ہوجاتی ہے جس کے بعد بہو پیزے کے تین سلائس بغیر کیچپ کے لے کر اپنے کمرے میں ناراض ہوکر چلی جاتی ہے۔
اس پر عامر نامی کردار اپنی اہلیہ کا دفاع کرتے ہوئے اپنے والدین سے کہتا ہے کہ ’کیچپ بھی نہیں لے کر گئی وہ۔ آپ لوگوں کو ہو کیا گیا ہے؟ موقع ڈھونڈتے ہیں آپ لوگ میری زویا (اہلیہ) پر غصہ اتارنے کا۔‘
Those who don't know "ketchup bhi nhi le kr gyi" wala scene.
Have fun. pic.twitter.com/JNpW9yCEdq— hareem || Stan imran khan (@hareem_rana) October 7, 2022
یہ ڈرامہ خاندانی مسائل پر مبنی ہے جس کی مرکزی کاسٹ میں فیروز خان، عشنا شاہ، عائشہ عمر، صبا فیصل اور حنا رضوی شامل ہیں۔
حبس ڈرامے کی اس ڈائیلاگ کے بارے میں سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بھی مزاح سے بھرپور تبصرے دیکھنے میں آرہے ہیں۔
عثمان کہتے ہیں کہ ’امریکہ میں لوگ کہتے ہیں وہ غصے میں۔ پاکستان میں کہتے ہیں کہ کیچپ بھی نہیں لے کر گئی وہ۔‘
وردا نامی صارف نے لکھا کہ ’ میں تمہارے لیے چاند تارے توڑ لاؤں گا والی دنیا میں وہ کیچپ بھی نہیں لے کر گئی جیسے بنو۔‘
دعا کہتی ہیں کہ ’کیچپ بھی نہیں لے کر گئی وہ۔ مجھے اتنا خیال رکھنے والا آدمی چاہیے۔‘
ہمایوں احمدزئی لکھتے ہیں کہ ’غریبوں کی بہو ناراض ہوجائے تو سالن کے بغیر روٹی کھا کر سوجاتی ہے اور ادھر امیروں کی زویا جب ناراض ہو جائے تو کیچپ کے بغیر پیزے پر گزارا کرتی ہے۔‘