Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ویمن ٹیم کی جیت: ’مردوں کی ٹیم کو سیکھنے کی ضرورت‘

پاکستان کی جانب سے ندا ڈار نے نہ صرف ففٹی بنائی بلکہ دو وکٹیں بھی حاصل کیں۔ (فائل فوٹو: پی سی بی)
بنگلہ دیش میں کھیلے جانے والے ویمن ایشیا کپ میں پاکستانی ویمن ٹیم نے روایتی حریف انڈیا کو 13 رنز سے ہرادیا ہے۔
جمعے کے روز سلہٹ میں کھیلے گئے میچ میں پاکستانی ویمن ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 137 رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے دیے گئے 138 رنز کے ہدف کے جواب میں انڈیا کی پوری ٹیم 124 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
پاکستان کی جانب سے بولنگ کرتے ہوئے نشرا سندھو نے تین، ندا ڈار اور سعدیہ اقبال نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
اس سے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان ویمن ٹیم کی جانب سے ندا ڈار نے 56، بسمعہ معروف نے 32 جبکہ منیبا علی نے 17 رنز سکور کیے تھے۔
ندا ڈار کو اچھی بیٹنگ اور بولنگ کرنے پر پلیئر آف دا میچ قرار دیا گیا۔
پاکستانی خواتین ٹیم نے انڈین خواتین ٹیم کو کسی بھی فارمیٹ کی کرکٹ میں 2016 کے بعد آج پہلی مرتبہ شکست دی ہے۔
ویمن ایشیا کپ میں انڈیا کو شکست دینے کے بعد پاکستان ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر دوسرے نمبر پر پہنچ گئی ہے۔
بنگلہ دیش میں جاری ویمن ایشیا کپ میں پاکستان ٹیم نے چار میچز کھیلے ہیں جس میں تین مرتبہ گرین شرٹس کو کامیابی حاصل ہوئی ہے۔
پاکستان نے ایونٹ میں اپنے پہلے میچ میں ملائشیا کو نو وکٹوں سے ہرایا تھا جبکہ دوسرے میچ میں پاکستان ویمن ٹیم نے بنگلہ دیش کو بھی نو وکٹوں سے شکست دے تھی۔
پاکستان ویمن ٹیم اپنے تیسرے میچ میں تھائی لینڈ ویمن ٹیم سے حیران کن طور پر ہار گئی تھی تاہم اپنے چوتھے میچ میں پاکستان نے روایتی حریف انڈیا کو ہراد دیا۔
پاکستای ویمن ٹیم کی جیت پر سوشل میڈیا صارفین بھی خوشی کا اظہار کررہے ہیں اور خاص طور پر شاندار آلراؤنڈ پرفارمنس پر ندا ڈار کی تعریفیں کررہے ہیں۔
ندا ڈار نے 37 گیندوں پر 56 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی اور چار اوورز میں صرف 23 رنز دے کر دو وکٹیں بھی حاصل کیں۔
ضحیٰ نے اپنی ایک ٹویٹ میں لکھا کہ ’ندا ڈار کو پاکستانی مردوں کی ٹیم کے مڈل آرڈر میں شامل کرنا چاہیے۔‘
طیب رانا نے ایک ٹویٹ میں لکھا کہ ’ندا بیٹنگ کر سکتی ہیں۔ ندا بولنگ کرسکتی ہیں۔ کیا وہ خواتین ٹیم کی اگلی شاہد آفریدی ہیں؟‘
سوشل میڈٰیا صارفین عالیہ ریاض کی فیلڈنگ کی بھی تعریفیں کررہے ہیں۔ شہریار نامی صارف نے لکھا ’اگر میں ندا ڈار ہوتا تو اپنے پلیئر آف دا میچ کی آدھی رقم عالیہ ریاض کو دے دیتا کیونکہ ان کی طرف سے لیے گئے کچھ کیچ بہت ہی شاندار تھے۔‘
دانش نے لکھا ’عالیہ ریاض نے تین اہم کیچ پکڑے۔ مردوں کی ٹیم کو ان سے سیکھنے کی ضرورت ہے۔‘
پاکستان ویمن ٹیم اپنا اگلا میچ اتوار کے روز سلہٹ ہی میں متحدہ عرب امارات کے خلاف کھیلے گی۔

شیئر: