انڈیا میں 10 افراد کو نشانہ بنانے والا آدم خور ٹائیگر مار دیا گیا
ساڑھے تین سالہ ٹائیگر نے کئی افراد کو زخمی بھی کیا تھا۔ (فوٹو: انڈیا ڈاٹ کام)
انڈیا کی ریاست بہار میں 10 افراد کو ہلاک کرنے والے آدم خور ٹائیگر کو مار دیا گیا ہے۔
انڈیا ڈاٹ کام کے مطابق ضلع چمپارن میں سپیشل فورس نے کافی محنت کے بعد ٹائیگر کو نشانہ بنایا اور اس کو تین گولیاں ماری گئیں۔
ٹائیگر نے مختلف مقامات پر حملوں میں بے شمار لوگوں کو زخمی بھی کیا تھا۔
ٹی 104 کے نام سے مشہور ٹائیگر نے سنیچر کو ایک گاؤں میں خاتون اور اس کی بیٹی پر حملہ کر کے شدید زخمی کر دیا تھا، جس کے بعد اس کو تلاش کرنے کی مہم تیز کر دی گئی تھی، جس میں چار سو افراد نے حصہ لیا۔
قبل ازیں بہار کے محکمہ جنگلات کے حکام نے والمکی ٹائیگر ریزرو نیشنل پارک میں آدم خور ٹائیگر کو ’دیکھتے ہی گولی مارنے‘ کے احکامات جاری کیے تھے۔
یہ احکامات وہ تمام عمل ہونے کے بعد جاری کیے گئے تھے جس سے ثابت ہوا تھا کہ ٹائیگر انسانی آبادی میں رہنے کا عادی ہو چکا ہے۔
اس کے بعد حیدر آباد اور پٹنہ کی ٹیموں کو ہدف سونپا گیا تھا۔
ٹائیگر کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ اس کی عمر تقریباً ساڑھے تین سال تھی اور قریبی علاقوں میں 12 ستمبر سے مختلف افراد پر حملے کر رہا تھا۔
والمکی ٹائیگرز ریزرو پارک بہار کا واحد نیشنل پارک ہے جہاں ٹائیگرز کی تعداد 40 ہے۔