غیرملکی کارکنان کی موزوں اور معیاری رہائش کے لیے نئے اقدامات کیا ہیں؟
غیرملکی کارکنان کی موزوں اور معیاری رہائش کے لیے نئے اقدامات کیا ہیں؟
پیر 10 اکتوبر 2022 5:15
بیچلرز کے لیے کرایے کے معاہدے کو بہتر بنایا جائے گا( فوٹو اخبار 24)
سعودی وزارت بلدیات و دیہی و آباد کاری امور کے معاون سیکریٹری انجینیئر حسن زین الدین نے کہا ہے کہ ’کارکنان کی مناسب اور موزوں رہائش کے لیے 22 اقدامات متعارف کرائے گئے ہیں۔‘
اخبار24 کے مطابق زین الدین نے کہا کہ’اس پروگرام کا مقصد کارکنان کو معیاری رہائش، مثالی ماحول مہیا کرنا اور اس حوالے سے ضروری ضابطہ سازی ہے۔‘
معاون سیکریٹری نے کہا کہ’پروگرام کے تحت کارکنان کی اجتماعی رہائش کے حوالے سے پرمٹ پلیٹ فارم کا اجرا، کاروباری مراکز میں اجتماعی رہائش کی منصوبہ بندی کے ضوابط، سرمایہ کاری کے امکانات ، اہم شہروں میں بیچلرز کے لیے اجتماعی رہائش کا اہتمام شامل ہے۔‘
علاوہ ازیں بیچلرز کے لیے فی الوقت مہیا عمارتوں کے لیے کرایے کے معاہدے کو بہتر بنانا تاکہ انہیں مثالی شکل دی جاسکے۔
معاون سیکریٹری نے بتایا کہ’ اس پروگرام کے تحت مملکت میں تمام کارکنان کو مناسب اور معیاری رہائش مہیا کرانے کے لیے کوشاں ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’اس پروگرام کو دس سرکاری ادارے چلا رہے ہیں۔ مجلس انتظامیہ کے سربراہ وزیر بلدیات و دیہی آباد کاری امور ماجد الحقیل ہیں۔‘