Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کا شیڈول جاری، پہلا ٹیسٹ کراچی میں

سیریز کا پہلا ٹیسٹ 27 سے 31 دسمبر تک کراچی میں کھیلا جائے گا۔ فوٹو: اے ایف پی
آسٹریلیا اور انگلینڈ کی کرکٹ ٹیموں کی میزبانی کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے دورے کا بھی شیڈول جاری کر دیا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پیر کو ٹوئٹر پر دورے کا شیڈول جاری کیا ہے جس کے تحت سیریز کا پہلا ٹیسٹ 27 سے 31 دسمبر تک کراچی میں کھیلا جائے گا۔ 
نیوزی لینڈ کی ٹیم دو ٹیسٹ، آٹھ ون ڈے اور پانچ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلنے کے لیے دو مختلف مراحل میں پاکستان آئے گی۔
دونوں ٹیمیں پہلے مرحلے میں 27 دسمبر سے 15 جنوری تک جاری رہنے والے میچز میں دو ٹیسٹ اور تین ون ڈے انٹرنیشنل کھیلیں گی۔ 
سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ 27 سے 31 دسمبر تک کراچی میں جبکہ دوسرا 4 سے 8 جنوری تک ملتان میں کھیلا جائے گا۔
پہلے مرحلے میں شامل تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز 11، 13 اور 15 جنوری کو کراچی میں کھیلے جائیں گے۔
کرکٹ سیریز کا دوسرا مرحلہ 13 اپریل سے 7 مئی تک جاری رہے گا۔ اس دوران پانچ ٹی ٹوئنٹی اور پانچ ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیلے جائیں گے۔
دوسرے مرحلے کے دوران پہلے چار ٹی ٹوئنٹی میچز 13، 15، 16 اور 19 اپریل کو کراچی میں جبکہ دوسرا ٹی ٹوئنٹی میچ 23 اپریل کو لاہور میں کھیلا جائے گا۔
دوسرے مرحلے میں ہی تین ون ڈے انٹرنیشنل راولپنڈی جبکہ دو لاہور میں کھیلیں جائیں گے۔
پہلے ون ڈے انٹرنیشل میچز 26 اور 28 اپریل کو لاہور میں جبکہ دوسرے یکم، 4 اور 7 مئی کو راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔
خیال رہے کہ آسٹریلوی کرکٹ ٹیم رواں سال فروری میں 24 سال بعد پاکستان کے دورے پر آئی تھی۔ سنہ 1998 کے بعد آسٹریلیا کی مردوں کی ٹیم کا یہ پاکستان کا پہلا دورہ تھا۔
اس دوران پاکستان اور آسٹریلیا کی ٹیموں نے تین ٹیسٹ، تین ایک روزہ اور ایک ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلا تھا۔
اسی سال ستمبر میں انگلینڈ کی ٹیم نے دورہ پاکستان کے دوران سات ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کھیلی تھی۔ سیریز کے پہلے چار میچ کراچی جبکہ بقیہ تین میچ لاہور میں کھیلیں گئے تھے۔

شیئر: