سعودی وزارت صحت نے ریپڈ رسپانس ٹیم ٹریننگ پروگرام شروع کردیا
منگل 11 اکتوبر 2022 21:40
مملکت کے تمام ریجنز کے نمائندے ٹریننگ پروگرام میں حصہ لیں گے۔( فائل فوٹو عرب نیوز)
سعودی وزارت صحت نے عالمی ادارہ صحت کے تعاون سے 2022 کے لیےصحت کی ہنگامی سرگرمیوں کے حصے کے طور پر پانچ روزہ ریپڈ رسپانس ٹیم ٹریننگ پروگرام کا آغاز کیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق مختلف ہیلتھ ڈائریکٹوریٹ کے 42 ٹرینرز اور مملکت کے تمام ریجنز کے نمائندے اس ٹریننگ پروگرام میں حصہ لیں گے۔
عالمی ادارہ صحت نے ایک ٹریننگ پیکج تیار کیا ہے جس میں تعلیمی مواد اور رہنمائی کے آلات کا ایک سیٹ شامل ہے تاکہ رکن ممالک کی منصوبہ بندی اور تیز رفتار رسپانس ٹیموں کی ٹریننگ کا جائزہ لیا جا سکے۔
اس پروگرام کا مقصد رکن ممالک کے تیاری کے نظام کو مضبوط بنانا، ایک پائیدار منصوبے کو نافذ کرنے کے لیے ضروری مدد اور رہنمائی فراہم کرنا اور تیز ردعمل والی ٹیموں کی مہارت کو بہتر بنانا، انہیں فیلڈ میں بطور ٹرینرز کام کرنے کے لیے اہل بنانا ہے۔
ٹریننگ انٹرایکٹو انداز میں منعقد کی جائے گی جس میں لیکچرز شامل ہیں جو ڈبلیو ایچ او اور امریکی سینٹرز فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریوینشن کے ذریعے تسلیم شدہ اہلکاروں کے ذریعے فراہم کیے جائیں گے۔
دریں اثنا، سعودی وزیر صحت فہد الجلاجل نے گلوبل ہیلتھ فورم اور نمائش کا افتتاح کیا جو 9 سے 11 اکتوبر تک ریاض انٹرنیشنل کنونشن اینڈ ایگزیبیشن سینٹر میں منعقد ہوئی۔ اس میں 30 ممالک کے 26 ہزارافراد شرکت کی۔
سعودی خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق ریاض میں ورلڈ ہیلتھ فورم سے خطاب کرتے ہوئے فہد الجلاجل نے کہا کہ’ یہ انیشیٹو متعدد پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کا احاطہ کرے گا جس میں دو طبی شہروں کے قیام کے ساتھ ساتھ طبی بحالی اور طویل مدتی خدمات کے لیے 900 بستروں کی فراہمی شامل ہے‘۔
اس انیشیٹو میں مملکت میں بنیادی صحت کی خدمات کی بہتری اور تنظیم نو شامل ہے جس کا آغاز ابتدائی مرحلے میں 200 مراکز سے ہوتا ہے۔
اس فورم کا مقصد سرکاری اور نجی شعبوں کو مربوط کرنا، سرمایہ کاری کے مواقع فراہم کرنا، مملکت کے وژن 2030 کے حصول کے لیے مکالمے کو فعال کرنا اور ہیلتھ کیئر کے شعبے میں ڈیجیٹل تبدیلی کو آگے بڑھانا ہے۔