Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شائقین کے لیے سرپرائز کے ساتھ ریاض سیزن 2022 کا آغاز 21 اکتوبر سےِ

ریاض سیزن میں اس مرتبہ ’ریاض زو‘ بھی دیکھنے کو ملے گا۔ (فوٹو ریاض سیزن ٹوئٹر)
سعودی محکمہ تفریحات کے سربراہ ترکی آل الشیخ نے کہا ہے کہ ریاض سیزن 2022 کا افتتاح 21 اکتوبر کو عظیم عالمی تقریب سے کیا جائے گا۔ اس کا سلوگن ’خیال سے کہیں پرے‘ ہے۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق ترکی آل الشیخ نے کہا کہ نیا ریاض سیزن پندرہ زونز پر مشتمل ہے۔ ہر ایک کی اپنی خاص تفریحاتی پہچان ہوگی۔ ان میں نمایاں بولیفارڈ ورلڈ زون ہوگا یہ دنیا کے متعدد ممالک کی ثقافتوں اورتہذیبوں کا عکس پیش کرے گا۔ امریکہ، فرانس، یونان، انڈیا، چین، سپین، جاپان، مراکش اور میکسیکو کی ثقافتوں کو اجاگر کیا جائے گا۔
علاوہ ازیں اٹلی کی وینسیا تہذیب کے رنگ بھی دیکھنے کو ملیں گے۔ یہ تمام ممالک ریستوران، مارکیٹوں اور آرٹس کے ذریعے اپنی ثقافت اجاگر کریں گے۔

 65 دن تک آتشبازی کا بھی اہتمام کیا جائے گا۔ (فوٹو ریاض سیزن ٹوئٹر)

بولیفارڈ ورلڈ زون دنیا کی سب سے بڑی مصنوعی جھیل پرمشتمل ہوگا۔ شائقین ریاض شہر میں پہلی بار آبدوزوں پر سیر کا لطف اٹھا سکیں گے۔ اس کے علاوہ اور بھی متعدد منفرد پروگرام ہوں گے۔ کمپیکٹ ولیج، سپر ہیرو ولیج بھی دیکھنے کو ملیں گے۔ ایک زون سے دوسرے زون  آنے جانے کے  لیے چیئر لفٹ کا انتظام کیا گیا ہے۔ ایک گھنٹے میں تین ہزار وزیٹرز چیئر لفٹ سے بولیفارڈ ریاض سٹی سے بولیفارڈ ورلڈ تک آسکیں گے۔ 
 بولیفارڈ ریاض سٹی میں اس سال نئی بات 12 نئے ریستوران اور کافی ہاؤس ہوگا۔ علاوہ ازیں 25 تھیٹر ہوں گے جن کا تعلق عرب ممالک کےعلاوہ بیرونی دنیا سے ہوگا۔ ان میں سات سعودی تھیٹر ہوں گے۔ 
آل شیخ نے بتایا کہ اس مرتبہ ونٹر ونڈرلینڈ میں 5 نئے گیمز متعارف کرائے جا رہے ہیں۔ ریاض کے باشندوں اور سیاحوں کے لیے مختلف قسم کے دلچسپ تجربات ہیں۔ وہ نئی منفرد دنیائیں دریافت کریں گے۔  
آل شیخ نے بتایا کہ المربع زون میں 8 انٹرنیشنل ریستوران ہوں گے۔ ریاض سکائی زون میں فلک بوس لاؤنج ہوں گے جہاں منفرد قسم کے پکوان اور مشروبات پیش کیے جائیں گے۔ 
ریاض زون میں ریستورانوں اور قہوہ خانوں کا ایسا انتخاب دیکھنے کو ملے گا جو اپنی نوعیت کا منفرد ہوگا  مملکت میں پہلی بار فائیو سٹار ہوٹل کی سہولت ہوگی۔ یہاں 7 سینما گھر ہوں گے۔ جہاں من پسند فلمیں دیکھنے کا موقع ملے گا۔ اس زون میں سلمانی طرز پر بین الاقوامی شورومز کا انتخاب مہیا ہوگا۔ زون کی شکل میں منفرد طرز تعمیر کا خیال رکھا گیا ہے۔ 
ریاض سیزن 2022 میں متعدد نمائشیں ہوں گی۔ یہ فیملیز، بچوں اور افراد سب کے ذوق و شوق کو سامنے رکھ کر تیار کی گئی ہیں۔ 
ریاض سیزن میں اس مرتبہ ’ریاض زو‘ دیکھنے کو ملے گا۔ یہ اہم ترین بین الاقوامی چڑیا گھروں کا خوبصورت انتخاب ہے۔ اس کے تحت 190 نسل کے 1300 سے زیادہ جانور دیکھنے کو ملیں گے۔ یہاں لٹل ریاض زون اور دی گروو زون میں ایسا کچھ دیکھنے کو ملے گا جس سے شائقین حیرت زدہ رہ جائیں گے۔ اسی کے ساتھ مرسول پارک میں ’وان فیسٹیول‘ جہاں 20 ہزار سے زیادہ ورلڈ کپ کے شائقین ہر میچ دیکھ سکیں گے۔ انٹرنیشنل فٹبالر میرا ڈونا سے متعلق نمائش ہوگی۔ اسی طرح انگلش نیوکاسل کلب کی نمائش بھی سجائی جا رہی ہے۔  

مزید پڑھیں

ریاض سیزن میں ایمجینیشن پارک ریاض کے معروف محلے رحاب میں شاندار تفریحاتی سرگرمیوں کا مرکز ہوگا۔ یہاں مشہور ترین فلموں کی نقل کرنے والے گیمز کے تجربات بھی ہوں گے۔
ریاض سیزن میں ڈبلیو ڈبلیو ای اور ریاض سیزن کپ جیسے متعدد سپورٹس پروگرام ہوں گے جہاں پیرس سینٹ جرمین ٹیم، الہلال اور النصر سعودی فٹبال ٹیموں کے کھلاڑیوں کے ساتھ نظر آئے گی۔ ڈوسولیہ انٹرنیشنل سرکش کے شوز ہوں گے اس کےعلاوہ  65 دن تک آتشبازی کا بھی اہتمام کیا جائے گا۔ 
آل الشیخ نے کہا کہ اس سال ریاض سیزن میں متعدد ایسے زون رکھے گئے ہیں جہاں داخلہ فری ہوگا مثلا السویدی پارک، قریہ زمان، سوق الزل قابل ذکر ہیں۔ یہاں بچوں کے حوالے سے پرکشش پروگرام ہوں گے۔ 
انہوں نے کہا کہ ریاض سیزن 2022 ہر لحاظ سے منفرد، پرکشش اور یادگار رہے گا۔

 

واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: