ریاض سیزن دنیا کو سعودی دارالحکومت میں لائے گا۔ فائل فوٹو روئٹرز
سعودی عرب کے مختلف شہروں میں میلوں کا رواج گزشتہ چند سالوں سے جاری ہے اور یہ سلسلہ اب تک کامیابی سے قائم ہے۔ اب جبکہ مملکت نے گزشتہ ہفتے سے سیاحتی ویزوں کا اجرا کردیا ہے تو میلے میں شرکت کے لیے سیاحوں کی آمد بھی شروع ہوچکی ہے۔
سعودی گزٹ اور عرب نیوز کے مطابق چیئرمین سعودی جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی ترکی بن عبدالمحسن آل الشیخ اور چیئرمین ریاض سیزن نے سعودی عرب کے سب سے بڑے سیزن کے لیے الٹی گنتی (کاﺅنٹ ڈاﺅن) کا باضابطہ طور پر اعلان کردیا ہے۔
ریاض سیزن 15 اکتوبر سے شروع ہوگا اور 15 دسمبر تک جاری رہے گا۔ میلے کے لیے ریاض کے مختلف علاقوں میں 14 ملین مربع میٹر مختص کیا گیا ہے۔ ریاض سیزن کے لیے شہر کو 12 زون میں تقسیم کیا گیا ہے۔
ترکی آل الشیخ نے اپنے سرکاری ٹوئٹر اکاﺅنٹ سے ٹویٹ کیا ہے کہ ریاض سیزن سعودی عرب کا سب سے بڑا میلہ ہے اور اس میں 100 سے زیادہ پروگرام پیش کیے جائیں گے، جو مختلف عمر اور گروپ کے افراد کے لیے ہوں گے۔
ترکی آل الشیخ نے کہا کہ ’ریاض سیزن دنیا کو سعودی دارالحکومت میں لائے گا اور خوابوں کو حقیقت میں تبدیل کرے گا‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ میلے کے پروگرام شائقین کے منتظر ہیں اور امید ہے کہ ریاض سیزن سے سعودی عرب کی ایک نئی شناخت ابھر کر سامنے آئے گی۔
آل الشیخ کا کہنا تھا کہ میلے کا آغاز عالمی سیاحت اور تفریح کے حوالے سے مملکت کی پوزیشن کومزید بہتربنانے میں مدد گار ثابت ہوگا۔
واضح رہے کہ ریاض سیزن سعودی وژن 2030 کا ہی ایک سلسلہ ہے۔