Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پشاور سے سکیورٹی فورسز کے سابق اہلکار سمیت پانچ مبینہ دہشت گرد گرفتار

پشاور پولیس نے بدھ کی شب پولیس چوکی پر حملہ آور ہونے والے مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا ہے جن کے قبضے سے اسلحہ اور ہینڈ گرنیڈز برآمد ہوئے۔
جمعرات کو ایس ایس پی آپریشن پشاور کاشف آفتاب عباسی نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ گزشتہ روز پشاور میں پولیس چوکی پر حملہ کیا گیا تھا۔
’مگر پولیس نے نہ صرف دہشت گردوں کا حملہ پسپا کیا بلکہ تعاقب کرکے پانچ دہشت گردوں کو گرفتار بھی کر لیا۔‘
ایس ایس پی آپریشن کے مطابق ’دہشت گردوں کا ایک ساتھی سابق سکیورٹی اہلکار ہے جن کے دو بیٹے بھی دہشت گردی میں ملوث ہیں، ان کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے مزید  تفتیش جاری ہے اور اہم انکشافات متوقع ہیں۔
ایس ایس پی کے مطابق دہشت گردوں نے ابتدائی تفتیش میں پولیس پر متعدد حملوں کا اعتراف کیا ہے۔
کاشف عباسی نے کہا کہ ’مبینہ دہشت گردوں نے پولیس پر بڑے حملے کا منصوبہ بنایا تھا جس کے لیے جدید اور بھاری ہتھیار جمع کیے گئے تھے۔‘
ملزمان سے 25 ہینڈ گرنیڈز، کلاشنکوف، پستول، تیز دھار آلہ سمیت سکیورٹی فورسز کے یونیفارم بھی برآمد کیے گئے۔
ایس ایس پی آپریشن کاشف آفتاب عباسی نے میڈیا کو مزید بتایا کہ ملزمان کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے تاہم مزید تفتیش ابھی جاری ہے۔

شیئر: