Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شمالی کیرولینا میں فائرنگ سے پولیس افسر سمیت پانچ ہلاک

امریکہ میں 2022 میں شوٹنگ کے واقعات میں 34 ہزار ہلاک ہو چکے ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی
امریکی ریاست شمالی کیرولینا کے دارالحکومت رالی میں فائرنگ سے ایک پولیس افسر سمیت پانچ افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق رالی کی میئر میری این بالڈون کا کہنا ہے کہ فائرنگ کا واقعہ ایک ہائکنگ ٹریل پر پیش آیا جہاں لوگ اکثر تفریح کے لیے جاتے ہیں۔
میئر نے پریس کانفرنس سے خطاب میں بتایا کہ واقعہ جمعرات کی شام پانچ بجے پیش آیا ہے اور متعدد افراد گولیوں کا نشانہ بنے۔
رالی کے محکمہ پولیس نے پانچ ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے جن میں ایک پولیس افسر بھی شامل ہے جو فائرنگ کی واردات کے دوران ڈیوٹی پر نہیں تھا۔
محکمہ پولیس نے واقعے کے بعد ٹویٹ میں ملزم کی گرفتاری کی تصدیق کی ہے۔
رالی کی میئر میری بالڈون کے مطابق زخمیوں میں قانون نافذ کرنے والے ادارے سے وابستہ ایک افسر بھی شامل ہے جنہیں ہسپتال پہنچایا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہو سکے۔
خیال رہے کہ فائرنگ کے اکثر پیش آنے والے واقعات امریکہ کے لیے ایک بڑا مسئلہ بن گیا ہے جس سے صرف سال  2022 میں ہی 34 ہزار افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ ان میں نصف سے زیادہ وہ افراد ہیں جنہوں نے اسلحے کا استعمال کرتے ہوئے خودکشی کی۔
میئر میری بالڈون کا کہنا تھا کہ امریکہ میں اس قسم کے بے وقوفانہ تشدد کو ختم کرنا ہوگا
’سمال آرمز سروے‘ نامی ایک یورپی تحقیقاتی پراجکٹ کے مطابق امریکہ میں سال 2017 میں تقریباً 400 ملین بندوقیں عام افراد کے استعمال میں تھیں، یعنی ہر ایک سو افراد کے لیے 120 بندوقیں موجود ہیں۔
حال ہی میں امریکی ریاست ٹیکساس کے سکول اور امریکی ریاست نیو یارک کے شہر بفیلو کی ایک سپر مارکیٹ میں ہونے والے فائرنگ کے واقعات سے ملک بھر میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی تھی جس کے بعد 30 سال میں پہلی مرتبہ امریکی قانون سازوں نے اسلحے کی فروخت پر قابو پانے کی غرض سے اصلاحات پر اتفاق کیا ہے۔

شیئر: