عمران خان کو بتایا لانگ مارچ کی کال کا انتظار کرتے تھک گیا ہوں: شیخ رشید
جمعہ 14 اکتوبر 2022 22:44
شیخ رشید نے کہا کہ عمران خان سات دن کے اندر مارچ کی کال دیں گے۔ (فائل فوٹو: اے پی پی)
سابق وزیر داخلہ اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ اتوار کے بعد عمران خان کسی بھی وقت لانگ مارچ کی کال دیں گے۔
نجی ٹی وی چینل 24 نیوز سے بات کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ عمران خان کی سیاست میں اگلے پانچ سے دس دن اہم ہے۔
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ نے کہا کہ ’میں تمام عسکری اداروں سے کہتا ہوں کہ آپ پیچھے ہٹ جائیں اور سیاست کو سیاست کے ساتھ چلنے دیں کیونکہ آپ کی عزت اور وقار اہم ہے۔‘
عسکری اداروں کی سیاست میں عدم مداخلت کے بیان کے حوالے سے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ عمران خان کے زخم بھرے نہیں بلکہ تازہ ہیں۔
’کل میری عمران خان سے بات ہوئی جس کے دوران خان صاحب نے پوچھا کہ آپ کی ویڈیو وائرل ہوگئی ہے کہ جس میں آپ کہتے ہیں کہ تھک گیا ہوں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’میں نے کہا کہ خان صاحب دھوکہ نہیں دے سکتا۔ واقعی میں کال کے انتظار میں تھک گیا ہوں۔‘
شیخ رشید نے کہا کہ ان کے پاس آپشنز کیا ہیں؟ یا ان کے ساتھ ہوں یا ان کے ساتھ۔
ایک سوال کے جواب میں شیخ رشید نے کہا کہ عمران خان سات دن کے اندر مارچ کی کال دیں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ وقت کسی کا انتظار نہیں کرتا صیحح وقت میں صیحح قدم اٹھانا چاہیے۔
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ نے کہا کہ ’حالات خراب ہیں اس لیے میں اپنے محبوب اور محسن لوگوں کو کہتا ہوں کہ اس بات کا احساس کریں کہ ملبہ کہاں گرے گا؟‘