Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ڈالر کی مانگ بڑھ گئی، روپے کی قدر میں گراوٹ کا سلسلہ جاری

بیرونی ادائیگیوں کے باعث پاکستانی کرنسی پر دباؤ دیکھا جا رہا ہے۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
پاکستان میں روپے کی قدر میں گرواٹ اور ڈالر کی قیمت بڑھنے کا رجحان ہے۔ 
بدھ کے روز ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی کرنسی کی قدر میں ایک روپے سے زیادہ کی کمی رپورٹ کی گئی ہے۔
فاریکس ڈیلر کے مطابق انٹر بینک میں ایک امریکی ڈالر کی قیمت ایک بار پھر سے 220 روپے کی سطح سے پر اوپر چلی گئی ہے۔ معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ روپے کی قدر میں کمی کی وجہ بیرونی ادائیگیاں اور سیلاب کے باعث ایکسپورٹ ٹارگٹ کم ہونا ہے۔
فاریکس ڈیلرز نے اردو نیوز کو بتایا کہ کاروباری ہفتے کے تیسرے روز بدھ کو کاروبار کے آغاز سے ہی روپے پر دباؤ دیکھا گیا۔ دوران ٹریڈنگ انٹربینک میں ایک امریکی ڈالر کی قیمت 1روپے 21 پیسے اضافے کے بعد 220 روپے 96 پیسے ہو گئی۔ جبکہ اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر کی مانگ میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔
جنرل سیکریٹری ایکسچینچ کمپینیز آف پاکستان ظفر پراچہ نے اردو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی روپے کی قدر میں ایک بار پھر کمی دیکھی جا رہی ہے۔ ’وفاقی حکومت کی جانب سے ایل سیز کھولنے کے فیصلے کے بعد مارکیٹ میں ڈالر کی مانگ بڑھی ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’تیل کی قیمتوں میں مسلسل اضافے اور بیرون ملک ڈالر کی ادائیگیوں کی وجہ سے ملکی زرمبادلہ کے ذخائر بھی نیچے آئے ہیں، عالمی برادری کی اعلان کردہ رقم بھی ابھی تک نہیں آ سکی۔‘
انہوں نے کہا کہ ملک میں موجودہ سیلابی صورتحال میں ایکسپورٹ آرڈر بھی متاثر ہوئے ہیں۔ اس وقت ضرورت ہے کہ اخراجات میں کمی لائی جائے اور عالمی برادری سے اپیل کی جائے کہ طے شدہ رقم کی جلد ادائیگی کی جائے۔

شیئر: