Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جدہ میں ہاف میراتھن  تین کیٹیگریز میں منعقد ہوگی

رواں سال ریاض میں فل میراتھن میں دس ہزار سے زیادہ افراد نے شرکت کی تھی۔ فوٹو ریاض ڈیلی
سعودی سپورٹس فار آل فیڈریشن (ایس ایف  اے) کی جانب سے  جدہ  ہاف میراتھن کے لیے 10 دسمبر کی تاریخ مقرر کی گئی ہے جس میں تمام عمر کے افراد شامل ہوں گے۔
عرب نیوز کے مطابق فیڈریشن کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ اس ایونٹ  کو تین کٹیگریز میں رکھا گیا ہے۔ دوڑ میں شامل تجربہ کار افراد کے لیے 21 کلومیٹر کی دوڑ کا اہتمام کیا جائے گا۔
دوسری کیٹگری میں 17 سال سے زیادہ عمر کے افراد شامل ہوں گے اور انہیں 10 کلومیٹر کا ہدف دیا جائے گا جب کہ تیسری کیٹیگری میں بچے شامل ہوں گے جو کہ تفریحی طور پر 4 کلو میٹر کا فاصلہ طے کریں گے۔
سعودی اسپورٹس فار آل فیڈریشن کی منیجنگ ڈائریکٹر شائمہ صالح الحسینی  نے بتایا ہے کہ ہم ہمیشہ ایک  ایسا ایونٹ آرگنائز کرنے کی کوشش کرتے ہیں جس میں یہاں  مقیم تمام  کمیونٹی  کے لیے لوگ حصہ لے سکیں۔
اس ایونٹ کے انعقاد کا ہمارا مقصد تمام شرکاء کی فلاح و بہبود کو مدنظر رکھتے ہوئے انہیں دوستانہ ماحول اور تجربہ فراہم کرنا ہے۔
فیڈریشن کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ جدہ میراتھن میں حصہ لینے والوں کے لیے تربیتی پروگراموں کا اعلان جلد ہی  میراتھن ویب سائٹ اور سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر کیا جائے گا۔

جدہ ہاف میراتھن کے ایونٹ کو تین کٹیگریز میں رکھا گیا ہے۔ فوٹو ٹوئٹر

میراتھن کے لیے مخصوص علاقہ جسے 'میراتھن ولیج '  کا نام دیا گیا ہے اسےایونٹ سے ایک روز قبل عام افراد کے لیے کھولا جائے گا۔ جہاں پر فٹنس کلاسز کے ساتھ  مختلف تفریحی پروگراموں کے علاوہ فوڈ ٹرکس بھی موجود ہوں گے۔
جدہ ہاف میراتھن کا انعقاد وزارت کھیل اور معیار زندگی کے پروگرام کے اشتراک سے کیا جا رہا ہے جس کا مقصد سعودی وژن 2030 کے تحت کھیلوں کی مختلف سرگرمیوں میں حصہ لینے کے لیے زیادہ سے زیادہ  سعودیوں کو  ورزش کرنے کی جانب راغب کرنا ہے۔
رواں سال کے آغاز میں ریاض میں فل میراتھن کا انعقاد کیا گیا تھا جس میں دس ہزار سے زیادہ افراد نے شرکت کی تھی اور اس میراتھن ایونٹ میں بین الاقوامی رنرز بھی شامل تھے۔

شیئر: