Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’کِنگ نے کہا عہدہ سنبھال لو‘ ڈاؤننگ سٹریٹ کا بِلا بھی وزارت عظمٰی کی دوڑ میں

لیری کے ٹوئٹر ہینڈل سے ہلکے پھلکے اور مزاح پر مبنی پوسٹس سامنے آتی رہتی ہیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)
برطانیہ کی وزیراعظم لِز ٹرس کے استعفے کے ساتھ ہی جہاں سیاستدان اس عہدے کے حصول کے لیے متحرک ہوئے ہیں وہیں ڈاؤننگ سٹریٹ کا چیف ماؤسر لیری بھی دوڑ میں شامل ہو گیا ہے۔
بِلے لیری کے ٹوئٹر ہینڈل سے لکھا گیا کہ ’بادشاہ نے مجھے کہا ہے جاؤ وزیراعظم بن جاؤ۔‘
ڈاؤننگ سٹریٹ کے بلے کے نام پر بنائے گئے ٹوئٹر اکاؤنٹ کو سیاسی معاملات پر طنزیہ انداز میں تبصرے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔
’لیری دی کیٹ‘ نے برطانیہ کی تازہ سیاسی صورت حال کے حوالے سے جمعرات کی شب لکھا کہ ’بادشاہ نے مجھے کہا ہے کہ ابھی جاؤ اور بطور وزیراعظم ملک کا چارج سنبھالو۔‘
یہ ٹویٹ چند ہی منٹ میں وائرل ہو گئی اور ایک گھنٹے میں ہی اس کو ہزاروں کی تعداد میں لائیکس ملے ہیں اور بڑی تعداد میں ری ٹویٹ ہوئی جس کا سلسلہ اب بھی جاری ہے۔
’بادشاہ نے یہ بھی کہا ہے یہ واہیات کھیل بہت طویل ہو گیا ہے تم کو ہی وزیراعظم بن جاؤ۔‘
لیری کے ٹوئٹر ہینڈل سے ہلکے پھلکے اور مزاح پر مبنی پوسٹس سامنے آتی رہتی ہیں اور برطانیہ میں بننے والی کسی بھی سیاسی صورتحال یا ایشو پر ماضی میں بھی کچھ ایسے ہی تبصرے شیئر ہوتے رہے ہیں۔
جولائی میں جب کئی ارکان نے اس وقت کے وزیراعظم بورس جانسن کی کابینہ سے استعفٰی دیا تھا تو اس وقت لیری نے ٹوئٹر کے ذریعے اپنا استعفٰی پیش کیا تھا۔
اس میں لکھا گیا تھا کہ ’میں ایک اچھے ضمیر کے ہوتے ہوئے مزید وزیراعظم کے ساتھ نہیں رہ سکتا۔ بھلے وہ جائے یا پھر میں۔‘
چیف ماؤسر ایک اور ٹویٹ میں اپنی ایک فوٹوشاپڈ تصویر بھی جاری کی تھی، جس میں وہ ڈاؤننگ سٹریٹ کے باہر پوڈیم پر کچھ یوں کھڑے ہیں جیسے پارلیمان کے ارکان صحافیوں سے بات چیت کیا کرتے ہیں۔
اس کے اگلے روز ہی بورس جانسن نے استعفٰی دے دیا تھا۔

لِز ٹرس صرف 44 دن تک وزیراعظم کے عہدے پر فائز رہیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)

لیری برطانوی میڈیا میں بھی بہت مقبول ہے اور اس کے حوالے سے دلچسپ رپورٹس چلاتا رہتا ہے۔خیال رہے لِز ٹرس کو شروع میں ہی مشکلات کا سامنا رہا کیونکہ کنزرویٹیو ارکان ان کے خلاف عدم اعتماد لانے کی تیاری کر رہے تھے جبکہ لز ٹرس نے عہدہ سے چھوڑنے سے انکار کیا تھا تاہم جمعرات کو انہوں نے عہدہ چھوڑ دیا تھا۔

شیئر: