Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

برطانوی وزیراعظم ہاؤس کا بِلا ’چیف ماؤسر‘ چوہوں کے لیے دہشت کی علامت

براہ راست نشریات کے دوران چوہا نظر آنے پر 10 سال قبل لیری کی خدمات حاصل کی گئیں۔
برطانوی وزیراعظم کی سرکاری رہائش گاہ پر تعینات چوہے مار بِلے نے سروس کے دس سال مکمل کر لیے ہیں۔
یو پی آئی ڈاٹ کام کی ایک رپورٹ کے مطابق بِلے کو وزیراعظم آفس میں ’چیف ماؤسر‘ کے طور پر جانا جاتا ہے جبکہ اس کا اپنا نام لیری ہے۔
رپورٹ کے مطابق لیری کی ڈیوٹی یہ ہے کہ وہ وزیراعظم ہاؤس میں مٹرگشت کرتا رہے جو کہ 10 ڈاؤننگ سٹریٹ پر واقع ہے اور برطانوی حکومت کا ہیڈکوارٹر ہے۔
لیری کی عمر 14 سال ہے جس میں سے 10 سال اس نے پی ایم ہاؤس میں گزارے ہیں۔
لیری کو 10 سال قبل لاوارث کتوں اور بلیوں کے لیے بنائے گئے ایک مرکز سے حاصل کیا گیا تھا۔
لیری کے مدت سروس کی خاص بات یہ ہے کہ اس نے تین وزرائے اعظم کے ساتھ کام کیا ہے جن میں ڈیوڈ کیمرون، تھریسا مے اور بورس جانسن شامل ہیں۔
بلے کی خدمات حاصل کرنے کی کہانی بڑی دلچسپ ہے۔ دس سال قبل ٹی وی کی براہ راست نشریات کے دوران پی ایم ہاؤس کے قریب کالے رنگ کا ایک بڑا چوہا دیکھا گیا جس کے بعد اس بلے کی خدمات حاصل کی گئیں۔

لیری برطانیہ کے تین وزرائے اعظم کے ساتھ خدمات انجام دے چکا ہے (فوٹو : لیری دی کیٹ ٹوئٹر)

لیری نے اپنا ابتدائی ’مشن‘ کامیابی سے پورا کر لیا تھا جس پر اس کو ’چیف ماؤسر‘ کا خطاب دیا گیا۔ اس سے قبل ہمفری نامی بلا پی ایم ہاؤس میں خدمات انجام دے رہا تھا جو کہ 1997 میں ریٹائر ہو گیا تھا۔

لیری کو 10 سال قبل لاوارث کتوں اور بلیوں کے لیے بنائے گئے ایک مرکز سے لایا گیا تھا (فوٹو: لیری دی کیٹ ٹوئٹر)

لیری کو اکثر 10 ڈاؤننگ سٹریٹ اور اردگرد کے علاقے کے میں دیکھا جا سکتا ہے جبکہ وہ خبروں کی براہ راست نشریات میں بھی دنیا بھر کو نظر آتا رہتا ہے۔
لطف کی بات یہ ہے کہ لیری کا ٹوئٹر اکاؤنٹ بھی ہے جس پر فالوورز کی تعداد تقریباً 45 ہزار ہے۔ اس پر بلے کی تصویریوں کے علاوہ کئی متعلقہ رپورٹس بھی موجود ہیں۔

لیری دنیا بھر کے میڈیا کے لیے بھی کسی سلیبرٹی سے کم نہیں (فوٹو: لیری دی کیٹ ٹوئٹر)

لیری دنیا بھر کے میڈیا کے لیے بھی کسی سلیبرٹی سے کم نہیں اور رپورٹس کے دروان اس کے لیے ’ماؤس منسٹر‘ کی اصطلاح بھی استعمال کی جاتی ہے۔

شیئر: