Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ٹی20 ورلڈ کپ: بارش کن ٹیموں کے میچز کو متاثر کر سکتی ہے؟

آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے درمیان میچ کے دوران آسمان پر بادل چھائے رہیں گے۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
آسٹریلیا میں جاری ٹی20 ورلڈ کپ کا سپر 12 مرحلہ سنیچر سے شروع ہو رہا ہے۔ پہلے مرحلے کے اختتام کے بعد 12 ٹیموں کو ٹائٹل جیتنے کے لیے حریف ٹیموں کو زیر کرنے کے تمام داؤ پیچ آزمانے کے ساتھ موسم پر بھی نظر رکھنا ہوگی۔
آئی سی سی کے آٹھویں ٹی20 ٹورنامنٹ میں کئی میچز کے بارش متاثر ہونے کے امکانات موجود ہیں۔  
سپر 12 اور ناک آوٹ مرحلے کے 33 میچز آسٹریلیا کے 6 شہروں میں کھیلے جائیں گے۔ ان 6 شہروں کے موسم کی پیشگوئی کے مطابق 7 میچز بارش سے متاثر ہونے کے امکانات ہیں۔  
موسم کی پیشگوئی کو دیکھتے ہوئے پاکستان کے گروپ یعنی گروپ 2 کے چار میچز متاثر ہونے کا خدشہ ہے جس میں پاکستان اور انڈیا، جنوبی افریقہ اور انڈیا، بنگلہ دیش اور کوالیفائر2 جبکہ جنوبی افریقہ اور کوالیفائر 1 کے درمیان میچز متاثر ہونے کا امکان ہے۔  
22 اکتوبر سے شروع ہونے والے سپر 12 مرحلے کے پہلے تینوں میچز کے بارش سے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔  
سڈنی میں کھیلنے جانے والے آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے درمیان میچ کے دوران آسمان پر بادل چھائے رہیں گے۔ 
23 اکتوبر کو ہوبارٹ میں پہلے راؤنڈ کے کولیفائیر ٹیموں کے درمیان میچ کے دوران بھی موسم ابر آلود رہے گا جبکہ میچ کے 75 سے 90 فیصد حصے میں بارش ہونے کے امکانات ہیں۔  
اسی روز سپر 12 مرحلے کے سب سے زیادہ اہم میچ پاکستان اور انڈیا کے مقابلے کے دوران بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
کرکٹ کے میدان میں روایتی حریفوں کے درمیان میلبرن میں کھیلے جانے والے میچ کے روز موسم ابر آلود جبکہ 75 فیصد سے 90 فیصد حصے میں بارش کا امکان ہے۔
24 اکتوبر کو ہوبارٹ کے میدان میں بنگلہ دیش اور راونڈ 1 کے کوالئیفائر ٹیم کا میچ بھی بارش سے متاثر ہونے کا امکان ہے جبکہ اسی روز کھیلے جانے والے دوسرے میچ میں جنوبی افریقہ اور روانڈ 1 کے کوالیفائر کے درمیان ہونے والا میچ بھی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔  

موسم کی پیشگوئی کے مطابق سات میچز بارش سے متاثر ہو سکتے ہیں۔ فائل فوٹو

میلبرن میں 28 اکتوبر کو شیڈول کرکٹ کے میدان میں روایتی حریف انگلینڈ اور آسٹریلیا کا میچ بھی بارش سے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ جس میں میچ کے 50 سے 60 فیصد حصے میں بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔  
انڈیا اور جنوبی افریقہ کے درمیان 30 اکتوبر کو کھیلے جانے والا اہم میچ بھی بارش سے متاثر ہوسکتا ہے۔ موسم کی پیشگوئی کے مطابق اس روز پرتھ کے میدان پر 60 فیصد تک بادل برسنے کے امکانات ہیں۔

شیئر: