پاکستان کی ٹیم ٹی20 ورلڈ کپ کا سیمی فائنل کھیلے گی: سچن تنڈولکر
جمعرات 20 اکتوبر 2022 9:52
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
پاکستان اور انڈیا ٹی20 ورلڈ کپ میں 23 اکتوبر کو میلبورن کرکٹ گراؤنڈ میں مدمقابل آئیں گے۔ (روئٹرز)
سابق انڈین کرکٹر سچن تنڈولکر نے پیش گوئی کی ہے کہ آسٹریلیا میں جاری ٹی20 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں پہنچنے والی ٹمیوں میں پاکستان کی ٹیم بھی شامل ہوگی۔
برطانوی اخبار ٹیلی گراف کے مطابق سابق انڈین کپتان کا کہنا تھا کہ ’میں یہی چاہوں گا کہ انڈیا ٹی20 چیمپیئن بنے لیکن سیمی فائنل کے لیے میری چار ٹیمیں انڈیا، پاکستان، آسٹریلیا اور انگلینڈ ہیں۔‘
لیکن ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی کہا کہ نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ کی ٹیموں کو بھی میگا ایونٹ میں نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔
سچن تنڈولکر کے مطابق ’آسٹریلیا کی موجودہ پلیئنگ کنڈیشنز بلکل ویسی ہی ہیں جیسی ستمبر اور اکتوبر میں جنوبی افریقہ میں ہوتی ہیں اس لیے جنوبی افریقی کھلاڑیوں کو ایسی کنڈیشنز کی عادت ہے۔‘
خیال رہے پاکستان اور انڈیا ٹی20 ورلڈ کپ میں 23 اکتوبر کو میلبورن کرکٹ گراؤنڈ میں مدمقابل آئیں گے۔
انڈین کرکٹ ٹیم کے حوالے سے تنڈولکر کا کہنا تھا کہ ’ہماری ٹیم متوازن ہے اور کومبینیشن بھی اچھا ہے۔ مجھے امید ہے کہ ہماری ٹیم دور تک جائے گی۔‘
پاکستان اور انڈیا کی ٹیمیں رواں سال اگست میں ایشیا کپ میں دو مرتبہ مدمقابل آئیں تھیں۔ پہلا میچ انڈیا نے پانچ وکٹوں سے جبکہ دوسرا میچ پاکستان نے پانچ وکٹوں سے جیتا تھا۔