اتوار کو آسٹریلیا کے میلبرن کرکٹ گراؤنڈ (ایم سی جی) میں کھیلے جانے والے میچ کے لیے پاکستان کے فاسٹ بولر حارث رؤف کو سب سے اہم کھلاڑی قرار دیا جا رہا ہے۔
اس کی وجہ یہ ہے کہ ایم سی جی پر دونوں ٹیموں میں شامل کسی بھی بولر کے کھیلنے کا اتنا تجربہ نہیں جتنا حارث رؤف کا ہے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق دیگر کھلاڑی ملیبرن کرکٹ سٹیڈیم میں پریشان ہو سکتے ہیں مگر حارث رؤف کے لیے یہ ہوم گراؤنڈ جیسا ہے کیونکہ وہ آسٹریلیا کی بگ بیش لیگ میں میلبرن سٹارز کی نمائندگی کرتے ہیں۔
حارث رؤف نے سنہ 2019 میں پہلی بار ملیبرن میں بگ بیش لیگ کے میچز کھیلے تھے۔
حارث رؤف کی اٹھان پاکستان سُپر لیگ میں لاہور قلندر سے ہوئی تھی جس کے بعد وہ سڈنی اور ہوبارٹ میں کلب کرکٹ کھیل کر بگ بیش لیگ میں ملیبرن سٹار کی نمائندگی کرنے لگے۔
حارث رؤف اس کے بعد پاکستان کی جانب سے بین الاقوامی کرکٹ کے افق پر چمکے اور کئی میچز میں غیرمعمولی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
کرکٹ کے مبصرین کے مطابق انڈیا کے خلاف آج کے میچ میں حارث رؤف کے چار اوورز اہم ہوں گے کیونکہ وہ ایم سی جی کی کنڈیشنز سے اچھی طرح واقف ہیں۔
ایک ہی جیسی انداز میں تیز کے ساتھ کم رفتار گیندیں پھینک کر بلے بازوں کو دھوکہ دینے میں اکثر کامیاب رہنے والے حارث رؤف اگر میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں اپنے بولنگ تجربے کو بروئے کار لانے میں کامیاب رہتے ہیں تو انڈیا کے بیٹرز کو مشکلات کا شکار کر سکتے ہیں۔