دراندازوں کو رہائش فراہم کرنے والا شہری گرفتار
جمعرات 27 اکتوبر 2022 19:08
غیرقانونی طورپرسرحد پار سےآنے والے 9 افراد کو بھی حراست میں لے گیا(فوٹو، ٹوئٹر)
جازان پولیس نے 9 دراندازوں کو پناہ گاہ فراہم کرنے والے ایک سعودی شہری کو گرفتار کرلیا۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق جازان ریجن میں احد المسارحہ کمشنری میں پولیس کے ایک گشتی دستے نے ایتھوپیا سے دراندازی کرکے سعودی عرب آنے والے 9 افراد کو اپنے گھر میں پناہ دینے والے سعودی شہری کے خلاف قانونی کارروائی کرکے اسے متعلقہ ادارے کے حوالے کردیا۔
پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ دراندازوں کو بھی متعلقہ ادارے کی تحویل میں دے دیا گیا ہے۔
ترجمان نے توجہ دلائی کہ مملکت میں دراندازوں کو کسی بھی طرح کی سہولت فراہم کرنا قابل سزا جرم ہے اس پر پندرہ برس تک قید اور دس لاکھ ریال تک کا جرمانہ مقرر ہے۔ دراندازوں کی منتقلی میں استعمال ہونے والی گاڑی اور انہیں رہائش فراہم کرنے والے مکان کو بحق سرکار ضبط کرلیا جاتا ہے۔ دراندازوں کی مدد کرنے والے کی تشہیر بھی کی جاتی ہے۔